کولکاتہ ۔ بی سی سی آئی کے صدر سوروگنگولی نے کہا ہیکہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) تقریباً شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں حالانکہ ہندوستان میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تصدیق بھی ہوگئی ہے اور اس مہلک وائرس نے عالمی سطح پر نہ صرف عام زندگی بلکہ معاشی اور اسپورٹس کی مصروفیات کو بھی بری طرح متاثر کردیا ہے۔ ہندوستان میں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کا رواں برس 29 مارچ کو آغاز ہوگا جس میں ہندوستان کے علاوہ بین الاقوامی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔
ہندوستان میں اس وقت کوروناوائرس کے 31 مریضوں کی شناخت ہوچکی ہے جس میں 16 اطالوی سیاح ہیں جبکہ دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہیں جبکہ 85 ممالک میں تاحال 3300 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان تمام حالات کے باوجود بی سی سی آئی کے صدر گنگولی نے کہا ہیکہ آئی پی ایل تقریباً اپنے شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہونے کی تیاریاں مکمل کرچکا ہے جبکہ انگلینڈ بھی سری لنکا کے دورہ کا آغاز کرچکی ہے جبکہ جنوبی افریقی ٹیم بھی یہیں ہے لہٰذا آئی پی ایل کیلئے کسی قسم کی تشویشناک بات نہیں۔
گنگولی نے مزید کہا کہ کاونٹی ٹیمیں دنیا بھر کا سفر کررہی ہیں جس میں خاص کر ابوظہبی، متحدہ عرب امارات کے دیگر مقامات میں مقابلوں میں شرکت ہورہی ہے لہٰذا کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں۔ گنگولی سے جب احتیاطی اقدامات کے ضمن میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ حکام تمام طرز کے اقدامات کررہے ہیں تاہم ہم یہ نہیں جانتے کہ احتیاطی تدابیر میں مزید زیادہ کن اقدامات کی ضرورت ہوگی لیکن میڈیکل ٹیمیں پہلے ہی دواخانوں اور ڈاکٹروں سے رابطہ میں ہے تاکہ کھلاڑیوں، عہدیداروں اور کرکٹ شائقین کے صحت کے متعلق کسی قسم کا کوئی جوکھم نہ اٹھایا جائے۔