Tuesday, April 22, 2025
Homesliderکونوے کی پہلی بین الاقوامی سنچری ، بنگلہ دیش کا صفایا

کونوے کی پہلی بین الاقوامی سنچری ، بنگلہ دیش کا صفایا

- Advertisement -
- Advertisement -

ویلنگٹن ۔ ڈیون کونوے کی پہلی سنچری اور ڈیرل مچل کی آخری گیند پر چھکا لگا کر سنچری مکمل کرنے کے شاندار مظاہروں کے ساتھ نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تیسرے اور آخری ونڈے میں 164 رنز سے شکست دیکر تین مقابلوں کی سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کرلی۔ جنوبی افریقی نژاد کونوے نے 126 رنز کی اننگز کھیلی اور نیوزی لینڈ کیلئے کسی بھی طرز کی کرکٹ میں یہ ان کی پہلی سنچری ہے حالانکہ انہوں نے فبروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی 20 میں 99 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی تھی۔ کونوے نے 95 گیندوں میں سنچری مکمل کرنے کے علاوہ مچل کے ہمراہ ریکارڈ 159 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 318/6 تک پہنچایا۔

 اس کے بعد میزبان فاسٹ بولر میٹ ہینری نے بنگلہ دیشی ٹاپ آرڈرس کو تباہ کرتے ہوئے انہیں ایک موقع پر 26/3 کی نازک صورتحال میں پہنچا دیا تھا۔ اس موقع پر ٹرینٹ بولٹ نے تھرڈ مین باونڈری پر ایک انتہائی شاندار کیچ پکڑتے ہوئے بنگلہ دیشی بیٹسمین لیٹن داس کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بنگلہ دیشی ٹیم ابتدائی نقصانات کے بعد مقابلہ میں کبھی واپسی کر بھی نہیں پائی اور 43 ویں اوور میں 154 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش کیلئے محمود اللہ نے ناقابل تسخیر 77 رنز اسکور کئے جبکہ نیوزی لینڈ کیلئے جیمی نیشم نے اپنے کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کیلئے کونوے کی 110 گیندوں کی اننگز کافی اہمیت کی حامل رہی کیونکہ 11 ویں اوور میں میزبان ٹیم 53/3 رنز کی نازک صورتحال سے پریشان تھی۔ میچل نے مستفیض الرحمن کے آخری اوور میں 83 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ابتدائی تین گیندوں میں 3 چوکے لگائے جس میں ایک نوبال پر بھی باونڈری تھی، جس کی بدولت وہ 95 رنز پر پہنچے۔

 بعدازاں میچل نے آخری گیند پر چھکا لگاتے ہوئے سنچری مکمل کی۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کونوے نے کہا کہ یہ ایک شاندار اننگز رہی اور ہم دونوں کے درمیان بہترین پارٹنر شپ رہی، جس کی بدولت ہم اسکور بورڈ پر بہتر مجموعہ تیار کرسکے۔ یاد رہے کونوے نے نومبر میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا اور تب سے وہ مسلسل شاندار مظاہرہ کررہے ہیں جیسا کہ انہوں نے اس دوران 11 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 366 رنز 52.2 کی اوسط سے بنائے ہیں جبکہ ونڈے میں 75 کی اوسط سے تین مقابلوں میں 225 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ کونوے اس وقت وکٹ پر پہنچے جب نیوزی لینڈ نے 8 اوورس میں 44/1 کا ایک بہتر آغاز کیا تھا کیونکہ مارٹن گپٹل (26) اور ہینری نکولاس (18) نے بہتر شروعات فراہم کی۔ ابتدائی دو مقابلوں میں ٹیم سے باہر رہنے والے راس ٹیلر وکٹ پر زیادہ تر ٹھہر نہ سکے اور 7 رنز بنا کر گیارہویں اوور میں پویلین لوٹ گئے۔