ڈھاکہ ۔ شیخ مجیب الرحمن کی 100 ویں یوم پیدائش کے ضمن میں بنگلہ دیش دو مقابلوں کی ٹی 20 سیریز کروا رہا ہے جس میں کوہلی ان 6 ہندوستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو کہ ایشیا الیون ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی سے امید کی جارہی ہیکہ وہ آئندہ ماہ ڈھاکہ میں منعقد شدنی ورلڈ الیون کے خلاف ٹی 20 سیریز کے ایک مقابلہ کیلئے ایشیا الیون ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
کپتان کوہلی کے علاوہ کے ایل راہول بھی ایک مقابلہ کیلئے ٹیم کو دستیاب رہیں گے لیکن شکھردھون، رشپھ پنت، کلدیپ یادو اور محمد سمیع دونوں مقابلوں کیلئے ٹیم کو دستیاب ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظام الحسن نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔
ورلڈ الیون ٹیم میں فاپ ڈوپلیسی، کریس گیل، راشد خان اور جانی بیرسٹو اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ دریں اثناء بی سی بی نے کہا ہیکہ کوہلی ایک مقابلہ کھیلیں گے لیکن بی سی سی آئی ہنوز کپتان کی توثیق کا انتظار کررہی ہے کیونکہ ہندوستانی بورڈ اپنے کپتان پر زائد کرکٹ کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا۔
ہندوستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹسٹ 4 مارچ کو ختم ہوگا جس کے بعد وہ جنوبی افریقہ کی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 12 تا 18 مارچ میزبانی کرے گا۔ ڈھاکہ میں دو مقابلے 21 اور 22 مارچ کو مقرر کئے گئے ہیں جس کے بعد 29 مارچ کو آئی پی ایل شروع ہوگا۔ اس سیریز کیلئے دنیا بھر کی ٹیموں سے چند اہم اور معروف کھلاڑیوں کو منتخب کیا جارہا ہے تاکہ مقابلوں کو عوامی دلچسپی کا سامان بنایا جائے۔
Share