ایڈیلیڈ۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہاہے کہ ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی کی غیرموجودگی سے آسٹریلیا ئی ٹیم کو راحت ملے گی۔کوہلی ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین 17دسمبر سے شروع ہورہی چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے بعد اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی مدنظر وطن واپس آئیں گے ۔ کوہلی نے آسٹریلیا میں کھیلے گئے 12ٹسٹ میچوں میں 6 سنچریاں بنائی ہیں۔ ایسے میں ان کا وطن واپس آنا ٹیم کی کارکردگی پر اثر ڈال سکتا ہے ۔
گواسکر نے کہاکہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ کوہلی کی غیرموجودگی میں بیٹنگ میں ایک بڑا خلاءنظرآئے گا۔آسٹریلیا کی ٹیم کوہلی کے خلاف آخری تین ٹسٹ میچوں میں بولنگ نہیں کرنی پڑے گی اور یہ ان کے لئے نہایت راحت کی بات ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ایسے میں کوہلی ایڈیلیڈ ٹسٹ میں بہترکارکردگی پیش کرنا چاہیں گے تاکہ ٹیم کو ایک اچھی شروعات مل سکے لیکن کوہلی کی غیرموجودگی میں ٹیم کے کسی دیگرکھلاڑی کو فاضل ذمہ داری اٹھانی ہوگی اور اپنے کھیل کی سطح کو اونچا اٹھانا ہوگا۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر نے بھی کوہلی کی غیرموجودگی پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ان کی متبادل تلاش کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوہلی کا متبادل نہایت مشکل ہے ۔ اس لئے ہمیں ان کے ٹیم میں نہیں ہونے سے پڑنے والے اثرات کو دیکھنے کے لئے انتظارکرنا ہوگا۔ بلا شبہ کوہلی کی غیرموجودگی میں آسٹریلیائی ٹیم بارڈر۔گواسکر ٹرافی کی مضبوط دعویدار ہے ۔