کویت سٹی ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے اور اس کی روک تھام کےلئے حکومتوں کی جانب سے کئی ایک اقدامات کئے جارہے جن میں عوامی جلسہ و جلوس،تقاریب اور دیگر ایونٹس پر پابندی عائد کردی گئی ہے لیکن اب اس مہلک وباکو دیکھتے ہوئے کئی ممالک میں مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی لگائی جارہی ہیں اور اسی کی ایک کڑی کویت میں جمعہ کی نماز کے علاوہ پنچگانہ پر بھی عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے
حکومت کویت نے کورونا کے خدشے کے باعث تمام مساجد پر نماز باجماعت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ 13مارچ کو جمعہ کی نماز کویت کی کسی بھی مسجد میں ادا نہیں کی گئی۔کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق کویتی وزارت اوقاف نے بیان میں کہ کویت کے متعلقہ صحت حکام کی ہدایات اور دارالافتا کے فتوے کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت اوقاف نے کہاہے کہ مساجد میں پانچوں فرض نمازوں کے لیے مقررہ وقت پر اذان دی جائے گی ۔ موذن لاؤڈ اسپیکر سے یہ اعلان بھی کریں گے کہ سب لوگ نماز وہیں ادا کرلیں جہاں وہ اس وقت موجود ہیں۔
کویتی وزیر انصاف ڈاکٹر فہد العفاسی نے مساجد میں جماعت کے ساتھ نماز پر پابندی کے فتوے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فی الوقت کورونا وائرس پھیلا ہوا ہے۔عوام کو اس کی گرفت میں آنے سے بچانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔کویت میں ہزاروں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کا اعلان سنتے ہی کھانے پینے کی اشیا اور مختلف ضروری سامان خریدنا شروع کردیا ہے ۔