Thursday, April 24, 2025
Homesliderکیدارناتھ میں یاتریوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ،...

کیدارناتھ میں یاتریوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 یاتریوں سمیت 7 افراد ہلاک

- Advertisement -
- Advertisement -

دہرادون۔ اتراکھنڈ کے کیدارناتھ میں منگل کو ایک پرائیویٹ کمپنی کا ایک ہیلی کاپٹرگرڈچٹی میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میں چھ یاتریوں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔واقعہ کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ریاستی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) اشوک کمار نے بتایا کہ تقریباً 12.45 بجے پیش آنے والے اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا ہے  کہ حادثے کے متاثرین رودرپریاگ ضلع میں واقع کیدارناتھ مندر کا دورہ کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے جب کیدارناتھ سے دو کلومیٹر آگے ان کے ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔کمار نے کہا کہ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن یہ حادثہ ممکنہ طور پر دھند میں  کم نظر آنے کی وجہ سے کسی چیز سے ٹکرانے کی وجہ سے ہوا ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ساتھ ساتھ پولیس اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں بھی امدادی کام کے لیے موقع پر پہنچ گئیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔پائلٹ کی شناخت ممبئی کے کیپٹن انیل کے طور پر ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔سی روی شنکر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور سکریٹری، اتراکھنڈ سول ایوی ایشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ حادثے کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے کہا کہ ان کی وزارت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہاکیدارناتھ میں ہیلی کاپٹر کا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ہم نقصان کی شدت کا پتہ لگانے کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔شہری ہوا بازی کی وزارت کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ حادثے میں ملوث ہیلی کاپٹر آرین ایوی ایشن چلا رہا تھا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بیل 407 ہیلی کاپٹر وی ٹی ۔ آر پی این کیدارناتھ سے واپس آ رہا تھا اور ممکنہ طور پر خراب موسم کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا۔