حیدرآباد۔ تلنگانہ کے وزیر انفرمیشن ٹکنالوجی کےٹی آرآج اپنی 45 ویں سالگرہ منارہے ہیں اور ریاست میں ایک اپنے انداز کا جشن کا ماحول ہے ۔ریاست میں شدید بارش اور عوام کو مشکلات کے پیش نظر کے ٹی آر نے اپنی سالگرہ کے موقع پر حکمران جماعت ٹی آرایس کے عوامی منتخب نمائندوں، لیڈروں، کارکنوں کے ساتھ ساتھ ان کے چاہنے والوں اور مداحوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ان کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے ریاستی دارالحکومت حیدرآباد نہ آئیں بلکہ اپنے متعلقہ اضلاع میں بھی بارش سے متاثرہ افراد کے لئے راحت کا کام انجام دیں اور اس سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے ساتھ تعاون اور تال میل کے ذریعہ کام کریں۔
اسی دوران ریاستی وزیر کے ٹی آر کو مختلف افراد کی جانب سے ٹوئٹر پر سالگرہ کی مبارکباد کے پیامات کا سیلاب ہے ۔علاوہ ازیں کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران عوام کی مددکرتے ہوئے ان کے دلوں میں حقیقی ہیروکی طرح جگہ بنانے والے بالی ووڈ اسٹار سونو سود نے بھی تارک راما راو کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے جاری کردہ مبارکبادی کے پیغام میں انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہرکی کہ آنے والے سال ان کے لئے بہتر ثابت ہوں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تارک راما راو سے کہا آپ کے اختراعی خیالات اور ویژن ہمیشہ کئی ملین افراد کی رہنمائی کرتے رہیں گے ۔آپ نہ صرف میرے لئے بلکہ پوری ریاست کے لئے پیدائشی سوپر اسٹارہیں۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ کے ٹی آر ہندوستان کے تعلیم یافتہ اور نوجوان سیاسی لیڈروں میں سے ایک ہیں اور تلنگانہ کے نوجوانوں میں وہ کافی مقبول ہیں۔