احمدآباد ۔ گجرات کے شہر احمدآباد کی فیشن ڈیزائننگ کی 24 سالہ طالبہ ورشٹی کوٹھاری جس کی مبینہ گمشدگی پر اداکارہ سوہا علی خان نے ٹویٹر پر اس کی تلاش کرنے کی اپیل کی تھی۔تقریباً 12دنوں کے سنسنی خیز ڈرامہ کے بعد اپنے بوائے فرینڈ شیوم پٹیل کے ساتھ وہ واپس لوٹ آئی ہے۔کرائم برانچ کے جوائنٹ کمشنر اجے تومر نے کہا کہ دونوں یہاں سے ٹرین سے دہلی اور وہاں سے بس سے ہماچل پردیش کے کلو ضلع کے کسول گئے تھے ۔
ہمالہ کے نزدیک واقع کسول کے بارے میں شیوم نے پتہ لگایا تھا۔ وہ دونوں کچھ وقت اکیلے رہنا چاہتے تھے ۔ چونکہ اس سلسلے میں کوئی باضابطہ معاملہ درج نہیں ہے اس لئے پولیس اس معاملے کو ختم کررہی ہے ۔ پولیس اس نجی معاملے میں زیادہ گہرائی سے تحقیق نہیں کررہی ہے ۔دونوں زیادہ پیسے بھی لے کر نہیں گئے تھے اورکلو میں پینٹنگ کرکے کچھ پیسے کماتے تھے ۔پولیس کی اپیل پر دونوں خود اپنی مرضی سے لوٹے ہیں، ان پر کوئی دباؤنہیں بنایا گیا تھا۔واضح رہے کہ ورشٹی 29 ستمبر کو شیوم کے گھر گئی تھی اور اگلے دن سے دونوں لاپتہ ہوگئے تھے ۔اس سلسلے میں گھروالوں نے ورشٹی کی گمشدگی کی رپورٹ نورنگپورا پولیس تھانے میں درج کروائی تھی۔
ان کے پرانے فون نمبر بھی بند تھے ۔دونوں کو آخری باریہاں ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ایک آٹورکشہ سے اترتے ہوئے سی سی ٹی وی فٹیج میں دیکھاگیا تھا۔ورشٹی نے دودن پہلے اپنی ماں کو ایک ای میل بھیج کر بتایا تھا کہ اسے نوکری مل گئی ہے اور وہ ٹھیک سے ہے اور اس نے گھروالوں کو ہوئی ذہنی تکلیف کے لئے افسوس ظاہر کیا تھا۔ اسی ای میل کی بنیاد پر پولیس کی کرائم برانچ نے دونوں کو ڈھونڈ نکالا۔سوہا جو روشٹی سے واقف ہیں، انہوں نے دو اکتوبر کو اس کی تصویر کے ساتھ اس کے لاپتہ ہونے کے بارے میں ٹویٹ کر کے جلد از جلد اس کا پتہ لگانے کی اپیل کی تھی جس کے بعد سے یہ مقدمہ کافی سرخیوں میں آگیا تھا۔