Thursday, April 24, 2025
Homeٹرینڈنگہائی کورٹ نے ملزمین کی لاشوں کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرنے کا...

ہائی کورٹ نے ملزمین کی لاشوں کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے ہفتہ کے روز ریاستی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ دیشا قتل کیس کے چاروں ملزمین کی لاشوں کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کروائے۔اس نے حکومت سے پوسٹ مارٹم کے سارے عمل کی ویڈیو بنانے کو بھی کہا ہے۔عدالت نے کہا کہ دوبارہ پوسٹ مارٹم پیر کی شام تک مکمل کر نا ہوگا۔

عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ لاشوں کا دوبارہ پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد ملزموں کی لاشوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کردے۔عدالت نے ریاستی حکومت سے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے متعلقہ شواہد سے متعلق مہر بند کور میں رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کو کہا۔

چیف جسٹس آر ایس چوہان اور جسٹس اے ابھیشیک ریڈی کے ایک ڈویژن بنچ نے یہ احکامات شاد نگر منڈل میں چتان پلی میں انکاؤنٹر کو انجام دینے والی پولیس کے خلاف کارروائی کے متعدد افراد کی جانب سے دائر کی گئیں در خواستوں سے نمٹنے کے لئے منظور کیا۔

گاندھی اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ،ڈاکٹر شروان کمار اپنے پہلے حکم کی تعمیل میں ہائی کورٹ کے رو برو پیش ہوئے اور انہوں نے لاشوں کی موجودہ حالت سے عدالت کو واقف کر وایا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ 9دسمبر کو ملزمان کی لاشوں کو گاندھی اسپتال میں لایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب تک لاشیں پچاس فیصد سڑ گئی ہیں اور ایک ہفتہ میں مکمل گل جائیں گی۔

ڈویژن بنچ نے یہ بھی حکم دیا کہ مبینہ انکاؤنٹر ہلاکتوں میں پولیس کے ذریعہ استعمال ہونے والی گولیوں اور اسلحہ کو بھی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ محفوظ کیاجائے۔ایس آئی ٹی کو بھی پولیس کے ذریعہ استعمال ہونے والی گاڑیوں کا تحفظ کرنا چاہئے اور دیگر تمام تفصیلات کا ریکارڈ احتیاط کے ساتھ رکھنا چاہئے۔