Thursday, April 24, 2025
Homeاسپورٹسہند ۔ آسٹریلیا ونڈے سیریز ، حکمرانی کےلئے دونوں ٹیمیں کوشاں

ہند ۔ آسٹریلیا ونڈے سیریز ، حکمرانی کےلئے دونوں ٹیمیں کوشاں

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں کھیلا جائے گا اور اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کیلئے کے ایل راہول کے مظاہروں میں استقلال اور شکھردھون کے تجربہ میں کسی ایک کا انتخاب کرنا مشکل فیصلہ ہوگا۔ ونڈے کرکٹ جس کی دلچسپی میں حالیہ دنوں میں کمی موضوع بحث رہی ہے وہ دنیا کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان کل شروع ہونے والی سیریز سے ایک نئی دلچسپی پیدا کرسکتی ہے کیونکہ دونوں ہی ٹیموں میں متعدد ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو نہ صرف شائقین کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سرفہرست ہے بلکہ کرکٹ کو دلچسپ مقابلہ میں تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

 ہندوستان کیلئے روہت شرما ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کرسکتے ہیں تو آسٹریلیا کیلئے ڈیویڈ وارنر کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ کپتان ویراٹ کوہلی ہندوستانی ٹیم کے کلیدی کھلاڑی تصور کئے جاتے ہیں تو اسٹیواسمتھ بھی جب تک وکٹ پر موجود رہیں مہمان ٹیم کو کامیابی کی امید رہتی ہے۔ بولنگ شعبہ میں جہاں ہندوستان کو جسپریت بمرا، محمد سمیع اور نودیپ سائنی کی خدمات حاصل ہیں وہیں آسٹریلیا کے پاس مچل اسٹارک، پیاڈ کمنس اور کین رچرڈسن موجود ہیں جو اپنی خطرناک بولنگ سے بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتے ہیں۔

 الیکس کیری وکٹ کیپنگ کے علاوہ تیز رفتار بیٹنگ کیلئے مشہور ہیں جو ہندوستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت کو سخت مقابلہ دے سکتے ہیں۔ دھون اور راہول کے درمیان اننگز کے آغاز کیلئے پھر ایک مرتبہ سبقت رہے گی۔ راہول کے مظاہروں میں استقلال ہے تو دوسری جانب دھون کا تجربہ ٹیم کیلئے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ دھون، راہول اور روہت کے درمیان اوپنرس کا انتخاب کے علاوہ شری یاس ایئر کی ٹیم میں شمولیت بھی اہم فیصلہ ہوگی۔

روہت ، راہول اور دھون تینوں کی شمولیت کا ا مکان

آسٹریلیا کے خلاف کل یہاں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے مقابلہ کے ضمن میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہیکہ شکھردھون اور کے ایل راہول دونوں ہی اوپنرس قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کئے جاسکتے ہیں کیونکہ کوہلی نے واضح کردیا ہیکہ وہ نمبر 3 کے بجائے نمبر 4 پر بھی بیٹنگ کرسکتے ہیں۔

 محدود اوورس کی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کی واپسی کے بعد وہ ازخود اننگز کے آغاز کیلئے پہلی پسند ہیں اور امید کی جارہی ہیکہ دھون یا راہول کے درمیان کسی ایک کا بحیثیت اوپنر انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ مقابلہ کے آغاز سے قبل یہ پیش قیاسی کی جارہی تھی کہ دھون اور راہول نے اننگز کے آغاز کیلئے کسی ایک کا انتخاب ہوسکتا ہے لیکن کوہلی نے کہا ہیکہ روہت، راہول، شکھر تینوں بھی مقابلہ میں کھیل سکتے ہیں اور میں نمبر تین کے بجائے نمبر چار پر بھی بیٹنگ کرسکتا ہوں۔

ویراٹ کوہلی سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے تیار ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ ایسا کرنے کیلئے خوش ہوں گے۔ کوہلی نے کہا کہ وہ کسی بھی مقام پر کھیلنے کیلئے تیار ہیں اور لوور آرڈر میں بیٹنگ کے متعلق وہ غیرمحفوظ جذبات نہیں رکھتے۔

آسٹریلیا میں ڈے نائیٹ ٹسٹ کیلئے تیار

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے ٹسٹ کپتان ٹم پین کے بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس جب ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی تو مہمان ٹیم آسٹریلیا میں کسی بھی مقام پر ڈے نائیٹ ٹسٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ ویراٹ کوہلی نے اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ چیلنج قبول کرنے کیلئے تیار ہیں چاہے ڈے نائیٹ ٹسٹ گبا، پرت یا کسی اور مقام پر منعقد کیا جائے۔ یاد رہے ہندوستان نے اپنا پہلا ڈے نائیٹ ٹسٹ بنگلہ دیش کے خلاف گذشتہ برس ایڈن گارڈن میں کھیلا تھا۔ آسٹریلیا کے دورہ پر امید کی جارہی ہیکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ڈے نائیٹ ٹسٹ کھیلا جائے گا جس میں ہندوستان کیلئے سخت چیلنج رہے گا۔