Sunday, June 8, 2025
Homeاسپورٹسہند ۔ پاک سیریز کا فیصلہ مودی ۔عمران خان کریں گے

ہند ۔ پاک سیریز کا فیصلہ مودی ۔عمران خان کریں گے

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔  رواں ماہ 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی کے صدر کا منصب سنبھالنے والے سابق کپتان سوروگنگولی نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کے امکانات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا فیصلہ حکومت کرے گی۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مکمل دوطرفہ سیریز کے انعقاد کو ایک دہے سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان ہر گزرتے وقت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سبب فی الحال تعلقات کی بحالی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

گنگولی سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں فیصلہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کریں گے جو اپنے اپنے ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس بارے میں مودی اور عمران خان سے سوال کریں، ہمیں یقیناً اجازت درکار ہوتی ہے کیونکہ دورے حکومت کی منظوری کے بعد کیے جاتے ہیں لہٰذا ہمارے پاس اس سوال کا جواب نہیں۔ گنگولی نے 2004 کا دورہ پاکستان کرنے والی ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی تھی جہاں 1989 کے بعد پہلی مرتبہ کسی ہندوستانی ٹیم نے مکمل سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 میں ہندوستان میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔