Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگہندوستان 100سال میں دوسری مرتبہ خشک سالی کا شکار

ہندوستان 100سال میں دوسری مرتبہ خشک سالی کا شکار

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ رواں  سال کی گرمی نے سب کو پریشان اور بے حال کر  دیا ہے۔ جون کے مہینے میں خصوصی طور پر دہلی انتہائی گرم اور خشک رہا جبکہ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں ٹامل ناڈو،کرناٹک ،تلنگانہ اور آندھرپردیش میں بھی جون کے پورے مہینے میں صرف ایک دو مرتبہ ہی بارش ہوئی ہے  جبکہ ماہ جون گزرنے کے باجوو شمالی ہندوستان  میں مانسون کی کوئی آمد نہیں ہے۔ پورے ملک میں جون کے مہینے میں بارش اوسط سے تقریباً 35 فیصد کم رہی۔ جون کا مہینہ بس ختم ہونے کے بعد امید بھی نہیں ہے کہ بارش کی یہ کمی ایک دو دن میں پوری ہو پائے گی۔ عموماً جون  کےمہینے میں 151 ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن اس مہینے اب تک محض 98 ملی میٹر ہی بارش ہوئی۔

1920 کے بعد دیکھا جائے تو چار سال انتہائی خشک اور گرم گزرے ہیں، اور 2019 کا جون اس لحاظ سے پانچواں موقع ہے جب خشک سالی پھیلی ہوئی ہے اور مانسون کا عوام بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ماضی پر نظر ڈالیں تو 2009 میں سب سے کم 85.7 ملی میٹر، 2014 میں 95.4 ملی میٹر، 1926 میں 98.7 ملی میٹر اور 1923 میں 102 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ 2009 اور 2014 دونوں ہی سال ایسے تھے جب مانسون النینو کے اثر سے کمزور ہوا تھا۔ اس سال بھی کچھ ایسی ہی حالت معلوم پڑ رہی ہے۔

دراصل النینو کے اثر کی وجہ سے مشرقی اور وسطی بحر اوقیانوس کی سطح میں غیر معمولی طور سے گرمی کی حالت دیکھنے کو ملتی ہے۔ اس سے ہواؤ کا چلنا متاثر ہوتا ہے اور یہ ہندوستانی مانسون پر بے حد منفی اثر ڈالتا ہے۔ اس سال ماہرین موسمیات نے پہلے ہی النینو کے دیر سے سرگرم ہونے اور کمزور رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ حالانکہ گزشتہ ہفتہ حالت میں کچھ بہتری ہوئی اور مراٹھواڑا اور وِدربھ جیسے علاقوں میں بارش ہوئی جو کہ طویل وقت سے خشک سالی کی مار برداشت کر رہے تھے۔ حالانکہ ایک اچھی خبر سننے کو مل سکتی ہے۔ اتوار 30 جون تک خلیج بنگال میں کم دباؤ کی حالت پیدا ہو رہی ہے۔ اس کے سبب جولائی کے پہلے ہفتہ میں اڈیشہ، وسطی ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان میں اچھی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک سینئر افسر کے بموجب 30 جون کے بعد مانسون میں بہتری کی امید کر رہے ہیں۔ اس بات کی قوی امید ہے کہ مانسون وسطی ہندوستان اور گجرات کے باقی حصوں کی جانب بڑھے گا۔ جولائی میں کم دباؤ کی حالت کے سبب مانسون بہتر ہو سکتا ہے۔ قابل غور ہے کہ خریف کی فصل  کے لیے جولائی کا مہینہ سب سے اہم ہوتا ہے اور اسے مانسون کا سب سے زیادہ بارش والا مہینہ مانا جاتا ہے۔