لکھنو ۔ مایوس کن مظاہروں سے پریشان ہندوستانی ویمن کرکٹ ٹیم کل یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے میں کامیابی کے ساتھ سیریز میں واپسی کے لئے کوشاں ہوگی۔ پہلے ونڈے میں ہندوستانی ٹیم کو 8 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی لیکن ٹیم کی کپتان متھالی راج اور ٹیم کی نائب ہرمن پریت کور نے کہا ہے کہ لاک ڈاون اور کورونا کی وجہ سے 12 ماہ کرکٹ سے دور رہنے کے بعد واپسی پر اِس طرح کا مظاہرہ زیادہ پریشان کن نہیں ہے کیوں کہ ٹیم آئندہ مقابلے میں بہتر مظاہرہ کے لئے پُرعزم ہے۔
اتوار کو کھیلے گئے پہلے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو شکست برداشت کرنی پڑی جس کی وجہ سے وہ 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 1-0 کے خسارے میں ہے۔ اِس مقابلے میں شکست کے بعد ہرمن پریت کور نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو کچھ وقت کی ضرورت ہے اور وہ اپنے بہترین فام کو جلد ہی حاصل کرلیں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ناقص بیاٹنگ اور غلط اسٹروکس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم بہتر اسکور نہیں کرپائی جبکہ روایتی طور پر اسپنرس کو ٹیم کی طاقت مانا جاتا ہے لیکن اسپنرس بھی حریف بیٹویمن کو پریشان نہیں کرپائیں اور خاص کر کہ 21 سالہ لورا اور لیزی لی نے میزبان ٹیم کے خلاف پہلی وکٹ کے لئے ریکارڈ پارٹنرشپ نبھائی۔
ہندوستان کے لئے متھالی راج کی نصف سنچری اور فاسٹ بولر جولن گوسوامی کے مظاہرے بہتر رہے۔ حالانکہ ٹیم کے یہ دو سینئر کھلاڑی نومبر 2019 ءکے بعد پہلا مقابلہ کھیل رہے تھے۔ کور جنھوں نے اتوار کو 100 واں ونڈے کھیلا تاہم وہ ایک بہتر شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کرپائیں۔ سمرتی مندنا نے بھی 3 شاندار چوکے لگائے تھے لیکن اِس کے بعد وہ ایک ناقص اسٹروک کھیلتے ہوئے اپنی وکٹ گنوائی۔ اتوار کو مونیکا پٹیل نے اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کیا اور اُمید کی جارہی ہے کہ منگل کو کھیلے جانے والے مقابلہ میں بھی چند نئے چہروں کو کیرئیر کے آغاز کا موقع دیا جائے گا چونکہ انتظامیہ کی نظریں آئندہ برس منعقد شدنی ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں۔
مہمان جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف ایک اور غلطی مطلب سیریز کو گنوانے کے مترادف ہوگا کیوں کہ مہمان ٹیم حالیہ دنوں میں پاکستانی دورہ پر میزبان ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے جس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں شبنم اسمٰعیل گزشتہ مقابلہ میں کافی بہتر مظاہرہ کیا اور کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں بھی ہندوستان کے لئے خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔