ممبئی ۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ کے وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ نئے موٹر وہیکل قانون کے تحت کوئی بھی شخص سڑکوں پر قواعد کی خلاف ورزی کرکے لوگوں کی زندگیوں سے نہیں کھیل سکے گا اور جو قواعد توڑے گا اسے ہر حال میں سزا دی جائے گی۔ گڈکری نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ نیا موٹر وہیکل قانون کسی کو بھی سڑک کی حفاظت کے ضابطہ میں کوتاہی برتنے کی اجازت نہیں دیتا ہے ۔ وزراء، قائدین اداکار ، عہدیدار یا ٹریفک قوانین کو توڑنے والے کوئی بھی شخص سزا سے بچ نہیں پائے گا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ سڑک پر حفاظت ان کی ترجیح ہے اور سڑک پر عوام کی جان نہ جائے اس کے لئے نہ صرف سختی سے قوانین پر عمل کیا جائے گا بلکہ روڈ انجینئرنگ اصلاح بھی کی جارہی ہے ۔ سڑک کے تحفظ کو بہتر بنانا ان کی حکومت کی ترجیح ہے ۔ گڈکری نے کہا کہ ملک میں30 فیصد لائسنس جعلی ہیں۔ ایک شخص کے پاس چار ریاستوں میں بنائے گئے لائسنس ہیں۔ لوگوں کو گاڑی پکڑنا نہیں آتا اور ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرلیتے ہیں ۔ گاڑی چلانا آتا نہیں اور سڑکوں پر گاڑی لیکر آجاتے ہیں جس سے عوام کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے ۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ اب کسی ڈرائیور کو عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈرائیونگ لائسنس کے نئے نظام میں پورا عمل شفاف ہے ۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ کوئی شخص کتنا بڑا ہے ، اس کے تحت اس کا لائسنس شفاف انداز میں بنایا جائے گا۔ کسی بھی شخص کا نیا ڈرائیونگ لائسنس تب ہی قابل ہو گا جب وہ گاڑی چلانے میں پوری طرح ہنر مند ہو۔
انہوں نے کہا کہ موٹر گاڑی کے نئے قانون سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ لوگ قانون سے ڈرتے ہیں اور ان کا احترام جاگ گیا ہے ۔ قانون توڑنے والے سزا یافتہ ہونے سے پریشان ہیں لیکن اس سے سڑکوں پر لوگوں کی زندگی بچے گی اور سڑک حادثات میں کمی آئے گی۔