سڈنی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور جنہیں 2017ءمیں ورلڈ کپ خطاب کے قریب پہنچ کر ٹرافی گنوانے کی مایوسی ہنوز ستاتی ہے لیکن انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہیکہ اس مرتبہ وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کا خطاب حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم جسے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف خطابی مقابلہ میں قریبی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جیسا کہ اسے نشانہ کے تعاقب میں 9 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس مرتبہ ہرمن پریت کور نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران ٹیم نے بہت تجربہ حاصل کیا ہے اور ٹیم دن بہ دن بہتر سے بہترین کی سمت گامزن ہے۔
ہندوستانی ٹیم کو تجربہ کار اور لیجنڈ کھلاڑیوں میں سابق کپتان متھالی راج اور فاسٹ بولر جیولن گوسوامی کی خدمات دستیاب نہیں ہیں۔ متھالی راج گذشتہ برس ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے سبکدوش ہوچکی ہیں جبکہ گوسوامی 2018ءکے ایڈیشن کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ اس مرتبہ آسٹریلیا میں ورلڈ کپ میں شرکت کررہی ہندوستانی ٹیم کافی نوجوان ہے اور ٹیم کی اوسط عمر 22.8 سال ہے۔ تجربہ کار کھلاڑیوں پر اظہارخیال کرتے ہوئے ٹیم کی نوجوان کپتان ہرمن پریت نے کہا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات ہمیں دستیاب نہیں ہے لیکن ہم نے ان کے ساتھ جو کرکٹ کھیلی ہے اس کا تجربہ ساتھ لیکر ٹورنمنٹ میں خطاب کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔
ہندوستانی ٹیم ورلڈکپ میں اپنا پہلا مقابلہ دفاعی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں 21 فبروری کو کھیلے گی اور یہ مقابلہ دلچسپ ٹکراؤ ہونے کی توقع ہے۔ کپتان ہرمن پریت نے مزید کہا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران ٹیم نے کئی ایک نشیب و فراز کے مقابلے کھیلے ہیں جس سے حاصل ہونے والا تجربہ اب سود مند ہوگا۔