دبئی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی ٹسٹ چمپئن شپ میس اور ایک ملین امریکی ڈالر انعامی رقم متواتر تیسری مرتبہ حاصل کرلیا ہے جیسا کہ اسے آسٹریلیا کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹسٹ سیریز میں کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی نے متواتر تیسری مرتبہ اعزاز اور انعام حاصل کرنا ٹیم کیلئے یقینا ایک فقریہ لمحہ ہے۔
ہماری ٹیم تمام تر طرز کی کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کررہی ہے اور امید ہیکہ آئندہ سیزن میں بھی یہ مظاہرے برقرار رہیں گے۔ ہم یہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ ٹسٹ کرکٹ کی اہمیت کیا ہے اور ہم اس طرز کی کرکٹ کیلئے بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا سرفہرست مقام کے ساتھ سیزن کا اختتام کرنا غیرمتوقع نہیں ہے کیونکہ رواں سیزن اس نے بھی گذشتہ ایک سال کے دوران بہترین مظاہرے کئے ہیں۔
دوسرے مقام پر نیوزی لینڈ کی ٹیم رہی جن کی قیادت کین ولیمسن کررہے ہیں جو حسن اتفاق سے ٹسٹ کرکٹ میں بھی ویراٹ کوہلی کے بعد دوسرے بہترین بیٹسمین ہیں۔ نیوزی لینڈ کو 50 ہزار امریکی ڈالر انعامی رقم ملی ہے۔ علاوہ ازیں گذشتہ دو برسوں سے درجہ بندی میں دوسرے مقام پر سیزن کا اختتام کرنے والی جنوبی افریقہ کو اس مرتبہ تیسرے مقام پر اکتفاءکرنا پڑا اور اسے 20 ہزار امریکی ڈالر انعامی رقم ملی ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن نے کہا کہ ٹسٹ کی عالمی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کو سال میں دوسرا مقام حاصل کرنا ایک غیرمعمولی اعزاز ہے اور مجھے خوشی ہیکہ ٹیم نے اس میعاد کے دوران استقلال کے ساتھ مظاہرے کئے ہیں۔