ہیملٹن ۔ ناقص بیٹنگ نے ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم کو نقصان پہنچایا ہے کیونکہ جمعرات کو آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے دوسرے لیگ میچ میں نیوزی لینڈ نے اسے 62 رنز سے شکست دی ہے۔ نیوزی لینڈ جس نے ورلڈ کپ سے عین قبل ایک دو طرفہ سیریز میں ہندوستان کو شکست دی تھی اس سلسلہ کو برقرار رکھا اور نو وکٹ پر 260 رنز بنائے ، اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے 46.4 اوورز میں 198 رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔ ہندوستان اب آٹھ ٹیموں میں سے پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ آسٹریلیا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
ہندوستان کی جانب سے پوجا وستراکر نے 10 اوورز میں 34 رنز کے عوض 4 اور ہرمن پریت کور نے 62 گیندوں میں 71 رنز بنائے لیکن دیگر کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکی۔ اگر وستراکر نے نیوزی لینڈکو 300 کے قریب جانے سے روکا تو اس اننگز سے ہرمن پریت کو کھوئے ہوئے اعتماد کو بحال کرنے میں مدد ملی۔ نیوزی لینڈ کے لیے امیلیا کیر نے پہلے آل راونڈ مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز بنائے اور بعد میں نو اوورز میں 56 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے ہندوستانی کپتان میتھالی راج کی اہم وکٹ بھی حاصل کی جو 56 گیندوں میں 31 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں تاہم وہ ٹیم کو کامیابی کے قریب لے جانے کی پوری کوشش کی ۔ اس کے ساتھ انہوں نے ریچا گھوش (0) کو فوری گوگلی پر پویلین بھیج دیا اور یکے بعد دیگرے دو وکٹوں کے نقصان نے ہندوستان کو پریشان کردیا ۔ ہرمن پریت ان کا تیسرا شکار بنیں۔ فاسٹ بولر لی تاہوہو نے 10 اوورز میں 17 رن پر 3 اور ہیلی جینسن نے 6.4 اوورز میں 30 رن پر 3 وکٹ لئے۔ کامیابی کے لیے 261 رنزکے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی شروعات ناقص رہی جیسا کہ اسٹار اوپنر سمرتی مندنا 21 گیندوں پر چھ رنز بنا کر آوٹ ہوئیں۔
یاستیکا بھاٹیہ (59 گیندوں میں 28 رنز) اور دیپتی شرما (13 گیندوں میں پانچ رنز) بھی نہ شکست سے ٹیم کو نہ بچ سکیں۔ میتھالی ایک بار پھر اپنے پچھلے ورلڈ کپ کی طرح کوئی یادگار اننگز کھیلنے میں ناکام رہی۔ ساتھ ہی کوچ رمیش پوارکی تین اوپنرس بیٹرس کو فیلڈنگ کرنے کی حکمت عملی بھی سمجھ سے باہر تھی جب نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن نئی گیند آف بریک بولر فرانسس میکے کے حوالے کر رہی تھیں۔ خراب فارم میں رہنے والی شیفالی ورما کو اس مقابلے سے باہر رکھا گیا۔ میکے نے پہلے 15 اوورز میں 27 ڈاٹ گیندیں کیں، جس سے رنز کا بہاو رک گیا۔
ہندوستانی ٹیم گزشتہ ایک ماہ میں نیوزی لینڈ سے چھ میں سے پانچ ونڈے ہار چکی ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے جبکہ بھارت نے 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے۔ یہ 67 رنز کا فرق تھا جس نے میچ کی سمت کا تعین کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ایمی سیٹرتھ ویٹ نے 75 اور کپتان ڈیوائن نے 35 رنز بنائے۔