شری ہری کوٹا۔ ہندوستان نے مشن شکتی کے بعد آج خلا میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے جیسا کہ ہندوستانی خلائی تحقیق تنظیم (اسرو) نے پہلی مرتبہ تین مختلف مداروں میں سیٹلائٹ کو لانچ کرنے والے پیڈ¸ ایس ایل وی سی 45 سے پرائمری سیٹلائٹ ایمی سیٹ کے ساتھ 28 غیر ملکی نینو سیٹلائٹ کو ستیش دھون خلائی مرکز سے خلا میں چھوڑا اور 17منٹ کے اندر ایمی سیٹ اپنے مدار میں پہنچ گیا اور تقریباً 100منٹ کے اندر سبھی بیرون ملک سیٹلائٹ بھی مدار میں داخل کردئے گئے ۔
سرکاری ذرائع کے بموجب مصنوعی سیارچے لانچ کرنے والے پی ایس ایل وی ۔45 اپنی 47 ویں مہم کے تحت دوسرے لانچ پیڈ سے صبح نو بج کر27 منٹ پر پرواز کیا۔
لانچ کے سرکاری بورڈ کی منظوری ملنے کے بعد کل صبح اس مشن کے لئے الٹی گنتی شروع ہوئی۔ اس دوران مختلف مراحل کے لئے چارمراحل والی لانچ گاڑی میں ایندھن بھرنے کا کام کیا گیا اور پورے 27گھنٹے کی الٹی گنتی کے بعد پی ایس ایل وی سی۔45 نے اپنی 47ویں مشن کے تحت آج مقررہ وقت پر کامیابی کے ساتھ اڑان بھری ۔ انہیں زمین کی تین الگ الگ مداروں میں داغا کر اسرو نے خلائی سائنس کے شعبہ میں کئی تجربے کئے ۔