واشگٹن ۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کی جانب سے امریکی مصنوعات پر برآمدکے ضمن میں عائد محصولات کو ایک بار پھر ناقابل قبول قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے الزام لگایا کہ ہندوستان امریکی مصنوعات کا راستہ روک رہا ہے۔انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ہندوستان کے پاس امریکی مصنوعات پر برآمدکے محصولات عائد کرنے کا فیلڈ ڈے ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اب یہ محصولات ناقابل قبول ہیں۔
واضح رہے کہ 27 جون کو امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے اس معاملے پر بات کریں گے کہ برسوں سے ہندوستان، امریکہ پر محصولات عائد کر رہا ہے اور حال ہی میں اس ٹیرف میں مزید اضافہ کیا ہے، یہ ناقابلِ قبول ہے اور یہ محصولات لازمی طور پر ختم ہونے چاہئیں۔یکم جون کو امریکہ نے ہندوستان کو تجارت میں حاصل ترجیحی سہولت کا درجہ ختم کردیا تھا جس کے جواب میں ہندوستان نے 16 جون کو اخروٹ اور بادام سمیت 28 امریکی مصنوعات پر ٹیرف عائد کیے تھے۔اپنے دوسرے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں تعینات برطانوی سفیر کو احمق شخص قرار دیا۔
ٹرمپ کو اناڑی کہنے سے متعلق سفیر کی خفیہ ای میلز منظر عام پر آنے کے بعد امریکی صدر نے سفیر سے رابطہ منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔امریکی صدر نے ٹوئٹ میں کہا کہ میں برطانوی سفیر سر کِم ڈارک کو نہیں جانتا لیکن بتایا گیا کہ وہ انتہائی احمق ہیں۔واضح رہے کہ برطانوی سفیر سر کِم ڈارک نے افشا ہونے والے ای میل میں امریکی صدر کے بارے میں کہا کہ ٹرمپ کی قیادت میں وائٹ ہاؤس ناکارہ ہو چکا ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے خبردار بھی کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا۔