نئی دہلی۔ کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی غیر آئینی پالیسیوں کے خلاف پارٹی اپنے یوم تاسیس پر ہفتہ کو ملک بھر میں آئین بچاو بھارت بچاؤ کے پیغام کے ساتھ پرچم مارچ نکالے گی جس میں پارٹی کے کارکن اور اہم لیڈر حصہ لیں گے ۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ یوم تاسیس پر 28 دسمبر کو کانگریس کارکن پرچم لہرائیں گے اور آئین بچاو بھارت بچاؤ کے پیغام کے ساتھ ریاستوں کے دارالحکومت میں پرچم مارچ نکالیں گے ۔ اس دوران مقامی زبان میں آئین کے دیباچے کو پڑھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی آسام کے گوہاٹی میں منعقد ہونے والے پروگرام میں حصہ لیں گے جس میں پارٹی کے پردیش کے اہم لیڈر بھی موجود رہیں گے ۔راہول گاندھی اس دوران جلسے سے بھی خطاب کریں گے ۔ آسام میں شہریت ترمیمی قانون اور قومی شہریت رجسٹر لاگو کرنے کی زبردست مخالفت ہو رہی ہے ۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری نے الزام لگایا کہ مودی حکومت راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور اس اسی ایجنڈے کو پورا کرنے کے لئے قومی شہریت قانون کی مخالفت کے بعد24 دسمبر کو مرکزی کابینہ نے قومی آبادی رجسٹر اسکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
علاوہ ازیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھارتیہ جنتاپارٹی پر وعدہ پورا نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کو گمراہ کرکے مرحلہ وار طریقہ سے اداروں کو بربادکرنے مصروف ہے ۔
پرینکا نے جعہ کو ٹویٹ کرکے کہاکہ بی جے پی حکومت منظم طریقہ سے کام کرتی ہے اور ملک کے آئین کوتباہ کرتی ہے ۔ ملک کے عوام کوگمراہ کرتی ہے اور پھر انھیں ہی بے وقوف کہتی ہے ۔انھوں نے کہاکہ اس بار ملک کے نوجوان میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں وہ اپنے حقوق کے معاملہ میں پیچھے نہیں ہٹنے والے ۔
انھوں نے کہا کرونولوجی سمجھیے آپ۔ پہلے وہ آپ سے دوکروڑ نوکریوں کا وعدہ کریں گے، پھر وہ حکومت بنائیں گے ، پھر وہ آپکی یونیورسٹیوں کو برباد کریں گے، پھر وہ ملک کا آئین برباد کریں گے، پھر آپ احتجاج کریں گے، پھر وہ آپ کو بے وقوف بولیں گے لیکن ینگستان میدان میں ڈٹارہے گا۔