حیدرآباد۔ ساری دنیا میں آج یوم خواتین منایا جارہا ہے اور سماج میں خواتین کی خدمات کی پذرائی اور انکی حوصلہ افزائی کےلئے انہیں انعام اور اکرام سے بھی نوازا جارہا ہے ۔دریں اثنا تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ریاست کی خواتین کو مبارکباد دی ہے ۔کے سی آر نے کہا کہ خواتین ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
دور جدید میں تمام شعبوں میں خواتین مَردوں کے ساتھ مسابقت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہیں اور ان کی خدمات نے کئی شعبوں کو ترقی کی نئی منازل طئے کروائے ہیں ۔ چیف منسٹر نے مبارک بادی کے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ چونکہ خواتین آبادی کا نصف حصہ ہیں لہذا اگر انہیں مساوی مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تو وہ حیرت انگیز کارنامے انجام دیں گی۔ تلنگانہ حکومت خواتین کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے جن میں شی ٹیم کا قیام، ضعیف خواتین، تنہا زندگی بسر کرنے والی خواتین اور بیواؤں کےلئے وظائف، کلیان لکشمی، شادی مبارک، کے سی آر کٹس کے علاوہ آنگن واڑی اور آشا ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر اسکیمات شامل ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ جہاں تک خواتین کی فلاح و بہبود کا تعلق ہے تلنگانہ اس دوڑ پر ہندوستان کی دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ 8 مارچ 2021 کو عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے حکومت نے ریاست کے تمام خاتون سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی رخصت اتفاقی کا اعلان کیا ہے اور چیف سکریٹری کو احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔
خواتین کو ایوارڈ
علاو ہ ازیں ریاست میں اس مناسبت سے مختلف مقامات پر سرکاری اور خانگی طور پر زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامہ انجام دینے والی خواتین کو ایوارڈز سے نوازا گیا ہے اور اسی ضمن میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تلنگانہ سٹی زن کاؤنسل کی جانب سے مہیلا شرومونی ایوارڈ2021 دئے گئے ۔ اس سال یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی خواتین میں عرشیہ ،جیانتی ،نصیر،ورشا،یاسمین اور شمیم شامل ہیں جنکی تعلق شعبہ تدریس سے ہے اور یہ اودبھو اسکول رسول پورہ سکندرآباد سے تعلق رکھتی ہیں۔ مذکورہ خواتین کو یہ ایوارڈ ریاستی وزیر داخلہ محمودعلی کے ہاتھوں دیا گیا۔