حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے وائس چیئرمین بی ونود کمار نے یونیورسٹی آف حیدرآباد پر زور دیا ہے کہ وہ 24 سے 26 ستمبر تک منعقد ہونے والے مختلف کورسز کے داخلے کے امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کرے۔
یو او ایچ کے وائس چانسلر پروفیسر آپا راؤ پوڈیل کو لکھے گئے مکتوب میں ونود کمار نے کہا کہ مختلف ریاستی یونیورسٹیوں کے طلباء کے لئے آخری سال اور آخری سمسٹر امتحانات 22 ستمبر سے 13 اکتوبر تک ہو رہے ہیں ، جو یو او ایچ کے داخلے کے امتحانات کے ساتھ متصادم ہوں گے۔
ونود کمار جنہوں نے یہ خط یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) کو بھی روانہ کیا ہے اس میں انہوں نے کہا کہ بیک وقت متعدد امتحانات ل سے طلباء کو تعلیمی سال کا نقصان ہوگا۔ اس کے علاوہ ایک ساتھ متعدد امتحانات میں شرکت کرنا ان کے لئے اور بھی مشکل ہوگا۔ یہاں تک کہ قومی جانچ ایجنسی نے 24 ستمبر سے یو جی سی قومی اہلیت کا امتحان کا بھی اعلان کررکھا ہے ۔
اس صورتحال پر غور اور طلبہ کے مسائل میں دلچسپی لیتے ہوئے ، انہوں نے یونیورسٹی سے داخلہ کے امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کی درخواست کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کو تلنگانہ اسٹوڈنٹ موومنٹ کے ایک حصے کے طور پر اور چھ نکاتی فارمولہ ، آرٹیکل 371 (ڈی) کے مطابق اور تلنگانہ کے عوام کی امنگوں کے مطابق قائم کیا گیا تھا۔