لکھنؤ۔ یوپی کے چیف الیکٹورل آفیسر اجے کمار شکلا نے کہا کہ 11 اضلاع کی 58 سیٹوں کے لیے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے نامزدگی جمع کرانے کا عمل جمعہ کو سخت کووڈ ہدایات کے تحت شروع ہوگا۔ کاغذات جمع کروانے کے وقت امیدوار کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کے کمرے میں صرف دو افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔ امیدوار سوویدھا ایپ کے ذریعے اپنے نامزدگیاں آن لائن جمع کر سکتے ہیں اور آن لائن جمع کروانے سے متعلق درخواست کی کاپی ریٹرننگ افسر کو جمع کر سکتے ہیں۔
ای سی آئی کی جانب سے کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کی وجہ سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے وقت کسی امیدوار کو جلوس نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نامزدگی کے وقت امیدوار صرف دو گاڑیاں استعمال کر سکتا ہے۔ ای سی آئی نے پولنگ کا وقت صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک مقرر کیا ہے۔ شکلا نے مزید کہا الیکشن کمیشن ریاست میں آزادانہ، منصفانہ، جامع، پرامن اور کووڈ سے محفوظ رائے دہی کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔پہلے مرحلے میں 58 اسمبلی سیٹوں میں سے 9 سیٹیں درج فہرست ذاتوں کے لیے محفوظ ہیں۔
یادر ہے کہ اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کی 403 اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخابات سات مرحلوں میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 جنوری ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جنوری کو ہوگی جبکہ کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 27 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں جن گیارہ اضلاع میں رائے دہی ہوگی ان میں شاملی، مظفر نگر، باغپت، میرٹھ، غازی آباد، ہاپوڑ، گوتم بدھ نگر، بلند شہر، علی گڑھ، متھرا اور آگرہ ہیں۔یادر ہےکہ اس وقت ہندوستان بھر میں کورونا کے نئے وائرس اومی کرون کی وجہ سے جہاں مختلف ریاستوں میں رات کا کرفیو ، عوامی اجتماعات پر پابندی اوردیگر تحدیدات عائد کی جارہی ہیں وہیں اترپردیش میں انتخابات پر عوام کی نظریں ہیں ۔