وقار آباد کے محلہ ایل آئی جی کالونی سے تعلق رکھنے والے محمد صابر کی دو بیٹیوں نے اپنی محنت اور لگن سے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔ نکہت النساء اور شاہین النساء نے 2024 کے ڈی ایس سی امتحان میں سیکنڈری گریڈ ٹیچر (ایس جی ٹی) کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی ہے، جو ان کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس کامیابی کے ذریعہ دونوں بہنوں نے سرکاری ملازمت حاصل کرلی ہے ۔
دونوں بہنوں نے خانگی اسکول میں تعلیم حاصل کی اور والدین کی خواہش کے مطابق پیشہ ور کورس ڈی۔ ایل۔ایڈ کی تعلیم حاصل کی۔ پہلی بار ڈی ایس سی امتحان تحریر کرتے ہوئے، نکہت اور شاہین نے کامیابی حاصل کی، جو ان کی عزم و ہمت کی مثال ہے۔ آج، 9 اکتوبر کے دن، حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے دونوں بہنوں کو تقرر نامے حوالے کیے، جو ان کی محنت کا صلہ ہے۔
نکہت اور شاہین نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا اور کہا کہ یہ کامیابی ان کے والدین کی جرأت مندی اور اعتماد کے ساتھ ساتھ دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے اپنے اساتذہ کی محنت کا بھی ذکر کیا، جن کی رہنمائی نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ، امتحانی مراکز پر دوسال بعد طلبہ کا ہجوم
دونوں بہنوں کی کامیابی پر ان کے دوست احباب، خاندان، اساتذہ اور رشتہ داروں نے خوشی کا اظہار کیا اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ یہ کامیابی نہ صرف نکہت اور شاہین کے لیے بلکہ ان کے خاندان اور محلے کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔
یہ کامیابی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ محنت، عزم اور والدین کی حمایت ہمیشہ کامیابی کی راہ ہموار کرتی ہے۔ نکہت اور شاہین کی مثال نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت تحریک ہے کہ اگر دل سے کوشش کی جائے تو منزل حاصل کرنا ممکن ہے۔
یہ کہانی تھرڈ پارٹی سنڈیکیٹڈ ذرائع سے لی گئی ہے ۔ راوی میڈیا اس کہانی کی کسی بھی نوعیت کی کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا ہے ۔ راوی میڈیا مینجمنٹ وائی دیس نیوز ڈاٹ کام بغیر کسی اطلاع کے کہانی کے مواد کو تبدیل یا حذف کرسکتا ہے ۔۔۔