Tuesday, April 30, 2024
Homesliderفلسطینیوں کے خود مختار حقوق کو اقوام متحدہ  یقینی بنائے :قطر

فلسطینیوں کے خود مختار حقوق کو اقوام متحدہ  یقینی بنائے :قطر

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک ۔ قطر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنے مقبوضہ علاقوں پر خودمختاری کا استعمال کرنے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔یہ بیان اقوام متحدہ میں قطر کے مستقل مشن کے تھرڈ سیکرٹری شیخ عبدالرحمن بن عبدالعزیز الثانی نے اقتصادی اور مالیاتی کمیٹی (دوسری کمیٹی) کے اجلاس کے دوران دیا۔قطر نے کہا کہ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطینی سرزمین بشمول مشرقی یروشلم کے ساتھ ساتھ دیگر مقبوضہ عرب علاقوں میں قدرتی وسائل کا استحصال جاری رکھا ہوا ہے  اور فلسطینیوں کی ان کے وسائل اور املاک تک رسائی میں رکاوٹیں کھڑی کیں  ہیں ۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس نے زمینوں پر قبضہ کرلیا، گھروں کو مسمار کردیا اور لوگوں کو بے گھر کردیا، جس سے زرعی علاقوں اور مقامی پودوں کی زندگی کو نقصان پہنچا۔شیخ عبدالرحمن نے اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے مغربی ایشیا کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں گولان کی پہاڑیوں پر فلسطینیوں اور شامیوں کے مصائب کی تفصیل دی گئی تھی۔ رپورٹ میں فلسطینیوں اور شامیوں کے حالات زندگی پر اسرائیل کے طرز عمل اور طویل مدتی ترقی پر کورونا  کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ اور بین الاقوامی قانون دونوں اس اصول کو تسلیم کرتے ہیں کہ کسی کو بھی اس کی نجی جائیداد سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔

شیخ عبدالرحمن نے مزید کہا کہ جنرل اسمبلی نے اپنی قرارداد 76/225 میں غیر مل کی قبضے کے تحت قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کی توثیق کی ہے اور یہ کہ مشرقی یروشلم اور گولان کی پہاڑیوں سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے غزہ کی پٹی میں تعلیمی سہولیات کو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے رپورٹ کے حوالے سے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ قطر نے اپنے تعلیمی پروگرام سمیت مشرق وسطی میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اپنی حمایت میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قطر فنڈ برائے ترقی ایجنسی کو امداد فراہم کرتا رہا، جو فلسطینی پناہ گزینوں کو زندگی بچانے والی صحت اور تعلیم کی خدمات فراہم کرتا ہے۔شیخ عبدالرحمن نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران، قطر کی جانب سے غزہ کے لیے مالی امداد، بشمول اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے فنڈز، مجموعی طور پر 1.5 بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔انہوں نے اپنے  خطاب کے  اختتام پر کہا کہ خطے میں سلامتی، استحکام اور امن کے حصول کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قطر حمایت جاری رکھے گا۔