Sunday, May 5, 2024
Homesliderآئی پی ایل کے غلط وقت انعقاد نے ہندوستانی کھلاڑیوں کا زخمی...

آئی پی ایل کے غلط وقت انعقاد نے ہندوستانی کھلاڑیوں کا زخمی کردیا

- Advertisement -
- Advertisement -

برسبین : وہ آئی پی ایل کو پسند ضرور کرتے ہیں لیکن آسٹریلیائی کوچ نے ہندوستانی لیگ کے انعقاد کے وقت پر سوال اٹھایا ہے اورکہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے یکے بعد دیگرے زخمی ہونے کی ایک وجہ آئی پی ایل بھی ہے۔ کورونا بحران کی وجہ سے آئی پی ایل 2020ءکو ستمبر تا نومبر متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا گیا تھا، حالانکہ دولت سے بھری اس لیگ کو عام طور پر ہندوستان میں اپریل اور مئی میں منعقد کیا جاتا ہے۔

 آسٹریلیا کے دورے پر موجود ہندوستانی ٹیم کے اہم کھلاڑی یکے بعد دیگرے زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہورہے ہیں جس کی ایک وجہ آئی پی ایل کو مانا جارہا ہے۔ لانگر نے ورچول کانفرنس میں کہا کہ یہ دیکھنا بھی اہم ہوگا کہ رواں موسم گرما میں مزید کتنے کھلاڑی زخمی ہوتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ 2020ءکا آئی پی ایل جس وقت منعقد کیا گیا وہ موزوں وقت نہیں تھا کیوں کہ آسٹریلیا کے خلاف ایک بڑی سیریز اور اس کے بعد دیگر اہم مقابلوں سے قبل اس طرح کی لیگ میں شرکت کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں کا زخمی ہونا ایک فطری بات ہے۔ رویندر جڈیجہ جو پہلے ہی چوتھے ٹسٹ سے باہر ہوچکے ہیں، اب زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں جسپریت بمراہ کا نام بھی شا مل ہوچکا ہے جو کہ ہندوستانی بولنگ شعبہ کے کلیدی رکن ہیں۔ قبل ازیں کے ایل راہول ، محمد سمیع اور اومیش یادو بھی مختلف نوعیت کے زخموں کی وجہ سے رواں سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ آسٹریلیا کے لئے ڈیوڈ وارنر کا زخمی ہونا بھی بڑا نقصان تھا لیکن وہ دو ٹسٹ مقابلوں کے بعد ٹیم میں واپسی کرچکے ہیں۔

 لانگر نے دوسری جانب آئی پی ایل کی ستائش بھی کی کیوں کہ اس ایونٹ کی وجہ سے نئے اور نوجوان باصلاحیت کھلاڑی کرکٹ کو دستیاب ہورہے ہیں لیکن اس سال آئی پی ایل کو منعقد کرنے کا وقت صحیح نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے آئی پی ایل پسند ہے اور یہ ہر ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم ایونٹ بن چکا ہے، کیوں کہ اس میں شرکت کرتے ہوئے وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں جس کے بعد وہ ان ہی صلاحیتوں کی بنیاد پر بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کی دعویداری پیش کرسکتے ہیں۔ آئی پی ایل کے انعقاد کے وقت کو غیر موزوں قرار دیتے ہوئے لانگر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ساری دنیا مسائل کا شکار تھی اور اس دوران سال کے اختتام پر آئی پی ایل کا انعقاد بہتر نہیں تھا۔