Friday, May 17, 2024
Homesliderاترپردیش انتخابات ، راجہ سنگھ کی دھمکی پر الیکشن کمیشن کی نوٹس...

اترپردیش انتخابات ، راجہ سنگھ کی دھمکی پر الیکشن کمیشن کی نوٹس جاری

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی/حیدرآباد ۔ الیکشن کمیشن نے چہارشنبہ کو تلنگانہ کے بی جے پی ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ کو اتر پردیش کے رائے دہندگان کو بھگوا پارٹی کو ووٹ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دینے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وسیع پیمانے پرگردش کرنے والے ایم ایل اے کے متنازعہ ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کارروائی کی ہے ، اس نے مشاہدہ کیا کہ راجہ سنگھ نے بنیادی طور پر انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، تعزیرات ہند 1860 کی دفعہ 171 سی اور 171 ایف اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے راجہ سنگھ سے 24 گھنٹے کے اندر وجہ ظاہر کرنے کو کہا کہ کیوں نہ  ان کے خلاف فوجداری قانون کے تحت مناسب تعزیری کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے اور یہ بھی کہ ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مناسب کارروائی کیوں نہ کی جائے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ  نوٹس لیں اورمقررہ وقت کے اندرآپ کی طرف سے کوئی جواب نہ آنے کی صورت میں، یہ سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اس معاملے میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے اور الیکشن کمیشن اس معاملے میں کوئی مزیدحوالہ دیئے بغیر مناسب کارروائی یا فیصلہ کرے گا۔

یادر رہے کہ حیدرآباد کے متنازعہ ایم ایل اے نے پیرکو اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی رائے دہی  کے بعد جاری کی گئی ویڈیو میں رائے دہندوں  کو دھمکی دی کہ اگر وہ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے تو ان کے مکانات گرائے جائیں گے اور انہیں ریاست سے باہر نکال دیا جائے گا۔راجہ سنگھ جوحیدرآباد کے گوشہ محل حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، انہوں نے پیر کو دوسرے مرحلے کی رائے دہی کے دوران اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں رائے دہندوں کی  کثیر تعداد پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ یوپی کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے دشمن بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے باہر آئے ہیں ۔ انہوں نے ہندو بھائیوں اور بہنوں سے اپیل کی کہ وہ باہر آئیں اور تیسرے اور بعد کے مراحل میں ووٹ ڈالیں۔

جو لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے، میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ یوگی جی نے ہزاروں جے سی بی اور بلڈوزرمنگوائے ہیں۔ وہ اتر پردیش کے راستے پر ہیں۔ انتخابات کے بعد ان لوگوں کی شناخت کی جائے گی جنہوں نے یوگی جی کی حمایت نہیں کی۔ جانئے، جے سی بی اور بلڈوزرکن کاموں کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔میں اتر پردیش کے ان غداروں کو بتانا چاہتا ہوں جو نہیں چاہتے کہ یوگی جی دوبارہ چیف منسٹر بنیں، اگر آپ اتر پردیش میں رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو یوگی یوگی کہنا پڑے گا ورنہ ریاست چھوڑنے کے لیےتیار رہنا ہوگا۔