Saturday, May 18, 2024
Homesliderاسد الدین اویسی کی شیوراج سنگھ چوہان پر شدید تنقید

اسد الدین اویسی کی شیوراج سنگھ چوہان پر شدید تنقید

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان پر تشدد میں ملوث ملزمان کے مکانات کو منہدم کرنے پر تنقید کی۔انہوں نے  کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ کے متعصبانہ رویہ کو مسلم اقلیت کے تئیں ان کے خیالات  کو ظاہرکرتا ہے۔یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا یہ واضح طور پر ریاستی تشدد ہے اور جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ جلوس کی اجازت حکومت دیتی ہے۔ حکومت جلوس میں تشدد کیسے ہونے دیتی ہے؟ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں گھروں اور دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔ مدھیہ پردیش کی حکومت نے کس قانون کے تحت مسلم طبقہ کے مکانات گرائے؟ یہ واضح طور پر مسلم اقلیت کے تئیں وزیر اعلیٰ کا متعصبانہ رویہ ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کھرگون کی ضلع انتظامیہ اور پولیس نے رام نومی کے جلوس پر حملے میں ملوث شرپسندوں کی غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کردیا۔ حکام نے تقریباً 45 گھروں اور دکانوں پر بلڈوزرچلا دیا۔ پیر کو تقریباً 16 مکانات اور 29 دکانیں منہدم کر دی گئیں۔اویسی سے جب دہلی کے جے این یو کیمپس میں رام نومی کے موقع پر نان ویج کھانے کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے بارے میں پوچھا گیا تو اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک کو اس راستے پر لے جا رہے ہیں جہاں قوم  کا نظریہ  کمزور ہوتا جا رہا ہے۔

آپ گوشت کی برآمد پر پابندی کیوں نہیں لگاتے؟ آپ اس پر پابندی نہیں لگاتے کیونکہ آپ کو ڈالر ملتا ہے۔ ملک ایمان کی بنیاد پر چلے گا یا آئین کی بنیاد پر؟ ہم بی جے پی اور آر ایس ایس سے کہہ رہے ہیں کہ آپ جس طرح ملک کو تقسیم اس سے ملک کمزور ہوتا جا رہا ہے۔دہلی پولیس نے پیر کو جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کیمپس کے اندر تشدد کے ایک معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جس کے نتیجے میں چھ طلباء زخمی ہوئے۔جبکہ جے این یو انتظامیہ نے کہا کہ کیمپس میں کسی بھی قسم کے تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور طلباء کو خبردار کیا کہ وہ کیمپس میں امن اور ہم آہنگی کو خراب کرنے والے کسی بھی واقعے میں ملوث نہ ہوں۔