Thursday, May 9, 2024
Homeبین الاقوامیاسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد، نیوزی لینڈ میں نئی...

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد، نیوزی لینڈ میں نئی تاریخ رقم

- Advertisement -
- Advertisement -

کرائسٹ چرچ۔22 مارچ :نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے واقعہ اور اس دوران 2 جمعہ کے دوران رونما ہونے والے واقعات نے عالمی مسلمانوں کے ذہنوں میں مولانا محمد علی جوہر کے شعر کا وہ مصرعہ ثانی پھر تازہ کردیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد“۔

ایسے ہی کچھ حالات کرائسٹ چرچ کے مساجد میں حملے کے 2 جمعہ کے دوران پیش آئے جہاں گزشتہ جمعہ دہشت گرد نے دو مساجد میں گھس کرنماز میں مصروف اللہ کے مہمانوں کو اندھا دھن فائرنگ کے ذریعہ شہید کردیا تھا لیکن اس واقعہ کے فوراً بعد دوسرے ہی جمعہ نہ صرف نیوزی لینڈ کی مساجد میں مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا بلکہ نیوزی لینڈ کی سرکاری ٹی وی اور ریڈیو سے اذان بھی نشر کی گئی۔ دہشت گرد واقعہ کے بعد دوسرے جمعہ کو نیوزی لینڈ میں انسانیت جیت گئی، مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کے لئے ہر رنگ کے لوگ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں جمع ہوئے، تاریخ میں پہلی مرتبہ اذان، نماز جمعہ اور خطبہ سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا۔ وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے حدیث نبوی ﷺ بیان کی اور کہا کہ ہم ایک ہیں۔

ان مناظر نے نیوزی لینڈ میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ کرائسٹ چرچ میں مساجد کے شہدا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں تلاوت قرآن پاک کے بعد ٹی وی پر اذان نشر کی گئی۔ کالے گورے ہر رنگ کے لوگ ایک ہوگئے اورمسلمانوں سے عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔ نماز جمعہ مسجد النور کے سامنے ہیگلے پارک میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ خطبہ جمعہ کے دوران وزیراعظم جسینڈا آرڈرن اشکبار ہوگئیں۔

انہوں نے سیاہ لباس اور اسکارف پہنا ہوا تھا۔ اذان کے بعد شہدا کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ خطبہ جمعہ میں خطیب صاحب نے کہا کہ جو لوگ جان سے گئے وہ عام نہیں، ان کی شہادت نیوزی لینڈ کے لیے نئی زندگی ہے، انہوں نے نیوزی لینڈ کے عوام اور خاص طور پر وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔نماز جمعہ کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے حدیث نبویﷺ بیان کی اور کہا مسلمانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سارا نیوزی لینڈ غمزدہ ہے۔

وزیراعظم جیسنڈا نے حدیث بیان کی کہ مسلمانوں کے مذہب کے مطابق حضرت محمد ﷺ نے فرمایا، مومن باہمی ہمدردی، شفقت اور مہربانی میں ایک جسم کی طرح ہیں، جب ایک بھی حصے میں زخم ہوتا ہے تو پورا جسم درد محسوس کرتا ہے۔ نیوزی لینڈ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہے، ہم ایک ہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اذان، نماز جمعہ و خطبہ سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا۔