Sunday, May 5, 2024
Homesliderاسمتھ کے خلاف کوہلی کو دوسرے مقام کا نقصان

اسمتھ کے خلاف کوہلی کو دوسرے مقام کا نقصان

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو آئی سی سی کی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں اپنا دوسرا مقام آسٹریلیائی سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کیلئے چھوڑنا پڑا ہے جبکہ میڈل آرڈر بیٹسمین چیٹیشور پجارا نے دو مقامات کی ترقی کے ساتھ آٹھواں مقام حاصل کرلیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے آج جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں کوہلی کے نام 870 نشانات درج ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ کھیلنے کے بعد کوہلی رخصت لیکر وطن واپس ہوگئے ہیں اور انہیں گذشتہ روز ان کے گھر بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی ہے۔

سڈنی ٹسٹ جس میں ہندوستانی بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ایک امکانی کامیابی سے دور رکھا لیکن اس مقابلہ میں اسٹیو اسمتھ نے اپنا فام حاصل کرتے ہوئے اپنی اننگز میں سنچری اور دوسری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت انہوں نے 900 نشانات حاصل کرتے ہوئے کوہلی سے دوسرا مقام چھین لیا ہے۔ ٹسٹ درجہ بندی کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ہنوز پہلے مقام پر موجود ہیں۔ اسمتھ نے سڈنی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 131 اور دوسری اننگز میں 81 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت انہوں نے درجہ بندی میں دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ تاہم پہلے مقام پر فائز ولیمسن کے نشانات کی تعداد 919 ہے۔

ولیمسن جنہوں نے پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں 238 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اس کی بدولت وہ نیوزی لینڈ کی کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ٹسٹ درجہ بندی میں بہترین نشانات اور پہلے مقام پر فائز ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ہندوستانی میڈل آرڈر بیٹسمین چیٹیشور پجارا جنہوں نے سڈنی ٹسٹ کی دونوں اننگز میں بالترتیب 50 اور 77 رنز اسکور کئے ہیں، اس کی بدولت وہ ٹسٹ درجہ بندی میں دو مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے آٹھویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ کپتان اجنکیا راہنے کو ایک مقام کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور اب وہ ساتویں مقام پر موجود ہیں۔ سڈنی ٹسٹ میں جارحانہ 97 رنز کی اننگز کھیلنے والے رشپھ پنت 19 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 26 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ ہنوماوہاری، روی چندرن اشون اور شبھ من گیل نے بھی درجہ بندی میں ترقی کی ہے اور یہ کھلاڑی بالترتیب 52، 89 اور 69 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔

بولروں کی فہرست میں روی چندرن اشون کو دو مقامات کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور اب وہ نویں مقام پر پہنچ چکے ہیں جس کے بعد جسپریت بمرا کا نمبر ہے۔ ان دو بولروں کے علاوہ بولنگ فہرست میں کوئی دوسرا ہندوستانی موجود نہیں ہے۔ بولروں کی فہرست میں پہلے مقام پر آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنس موجود ہیں جس کے بعد برطانوی فاسٹ بولر اسٹیورڈ براڈ اور نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر موجود ہیں۔