Friday, May 17, 2024
Homesliderاشون کو ماہ فروری کا ایوارڈ

اشون کو ماہ فروری کا ایوارڈ

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر روی چندرن اشون کو فروری کے مہینے میں سب سے بہترین مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کا آئی سی سی ایوارڈ دیا گیا ہے جیسا کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف منعقدہ چار مقابلوں کی سیریز میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا جبکہ انگلینڈ کی ٹامی بیمونٹ کو خاتون زمرے میں مہینے کی بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔

 اشون نے ماہ فروری میں کھیلے گئے تین ٹسٹ مقابلوں میں شاندار مظاہرہ کیا جس میں دوسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 106 رنز کی شاندار کامیابی کے علاوہ احمد آباد میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ میں کیریئر میں 400 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے فروری کے مہینے میں انگلینڈ کے خلاف 24 وکٹیں بھی حاصل کیں جس کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو چار مقابلوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دے کر ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز اشون کے لیے کافی شاندار رہی جس میں انہوں نے 176 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 24 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ انگلینڈ کے کپتان جیو روٹ سے تھا جنہوں نے تین ٹسٹ مقابلوں میں 333 رنز اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کائل میئرس بھی اس دوڑ میں شامل تھے جنہوں نے اپنے پہلے ہی ٹسٹ میں 210 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو ریکارڈ 395 رنز کے کامیاب تعاقب کروایا تھا جوکہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹسٹ تھا۔ اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے نوجوان بیٹمین نے انتہائی صبرآرما اور اسپنرز کے خلاف بہترین مظاہرہ کیا تھا جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ایشیائی سرزمین پر سب سے بڑے اسکور تعاقب کا ریکارڈ بنایا۔