Friday, May 17, 2024
Homeٹرینڈنگاماراتی خاتون سے شادی کےلئے پاسپورٹ میں جعل سازی

اماراتی خاتون سے شادی کےلئے پاسپورٹ میں جعل سازی

- Advertisement -
- Advertisement -

شارجہ  ۔ بیرون ملک سفر یا دیگر امور کے لیے دستاویزات میں جعل سازی ایک عام طرح کا جرم تصور کیا جاتا ہے لیکن  متحدہ عرب امارات میں ایسی جعل سازی کا مقدمہ سامنے آیا جس پر عدالت ہی نہیں سب حیران رہ گئے کیونکہ ایک شخص نے شادی کےلئے خود کو اماراتی شہری ظاہر کرنے کےلئے جعلی پاسپورٹ استعمال کیا ۔عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اماراتی خاتون سے شادی  کے لیے پاسپورٹ میں جعل سازی کرکے آن لائن نکاح کیا۔دلہا جب دلہن سے ملنے آیا تو جعل سازی کے بارے میں علم ہوا جس پر دلہن نے عدالت سے رجوع کر کے خلع کا مقدمہ دائر کردیا۔

متاثرہ  خاتون نے  کہا ہے کہ جعل سازی کی وجہ سے اسے شدید نفسیاتی اذیت پہنچی جس کا تدارک کیا جائے ۔ عدالت میں جعل ساز نے اپنے جرم کا  اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر ایک طلاق دے دی۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ  کی عدالت میں ایک خاتون نے  خلع کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے شوہر نے جعل سازی کے ذریعے نکاح کیا جو درست نہیں۔مدعیہ نے مزید کہا ہےکہ جعل ساز جو کہ عرب ملک کا شہری ہے نے اس سے سوشل میڈیا پر دوستی کی اور خود کو اماراتی شہری ظاہر کرتے ہوئے شادی کی پیش کش کر دی ۔
خاتون نے کہا ہےکہ اس نے  واٹس اپ پر اپنے پاسپورٹ کی نقل بھیجی تاکہ نکاح کی کاروائی انجام دی جاسکے۔ نکاح ہونے کے بعد جب مذکورہ شخص امارات پہنچا تو سرکاری ادارے میں شادی کو رجسٹر کروانے کے لیے شناختی دستاویزات طلب کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ اماراتی نہیں بلکہ جعل سازی کے ذریعے خود کو اماراتی شہری ظاہر کیا تھا۔ دعوی ٰ میں مزید کہا گیا کہ  جعل ساز نے کسی اماراتی شخص کا پاسپورٹ حاصل کر کے اس پر اپنی تصویر لگائی اور نام و دیگر تفصیلات لکھنے کے بعد واٹس اپ پر ارسال کر دیا تاکہ نکاح کی کارروائی کی جاسکے۔

خاتون نے کہا کہ جعل ساز جب شارجہ آیا تو معلوم ہوا کہ اس نے خود کو اماراتی شہری ظاہر کرتے ہوئے مجھ سے شادی کی جو واضح طور پر دھوکہ تھا جس سے مجھے نفسیاتی طور پر بے حد صدمہ پہنچا۔عدالت میں جعل ساز نے اقرار کیا کہ اس نے پاسپورٹ میں جعل سازی محض عارضی شادی کے لیے کی تھی اس کا کوئی اورمقصد نہیں تھا تاہم ملزم نے اس بات سے انکار کیا کہ انکی رخصتی ہوئی تھی۔عدالت نے انوکھے مقدمے کی سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کردی تاہم ملزم نے مدعیہ کے خلع کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اسے ایک طلاق دے دی۔