Friday, May 17, 2024
Homesliderامارات۔ اسرائیل معاہدے پر دنیا کا ملا جلا رد عمل

امارات۔ اسرائیل معاہدے پر دنیا کا ملا جلا رد عمل

- Advertisement -
- Advertisement -

واشنگٹن: اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین معاہدے کا عالمی سطح پر خیر مقدم کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات استوار کرنے کےلیے معاہدہ درست سمت میں اہم قدم ہے۔

دوسری جانب فلسطینی  صدر محمود عباس نے معاہدے کے حوالے سے فوری اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں امریکی صدر کی ثالثی میں طے کیے جانے والے معاہدے کا وسیع سطح پر جائزہ لیاجائے گا۔معاہدے کے حوالے سے مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ معاہدہ خوش آئند ہے ، مشرق وسطی میں قیام امن کی کوشش کرنے والوں کے اقدام کوسراہتا ہوں ۔

میڈیا  کے مطابق مصری صدر نے معاہدے کے حوالے سے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا  سہ فریقی معاہدے کے تمام پہلوں کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا جو امریکہ ، اسرائیل اور برادر ملک امارات کے مابین طے ہوا ہے۔ معاہدے سے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی اراضی کو ضم کرنے کا عمل رک جائے گا۔

دریں اثنا عرب میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس معاہدے کو بہت بڑی خوش خبری قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا۔برطانوی وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعلقات معمول پر لائے جانے کا فیصلہ بہت بڑی خوش خبری ہے، یہ میری دیرینہ خواہش تھی مغربی کنارے کی توسیع مزید آگے نہ بڑھےاور آج اس معاہدے سے وہ منصوبے رک گئے ، یہ معاہدے زیادہ پرامن مشرق وسطی کی جانب ایک خوش آئند قدم ثابت ہوگا۔

وائٹ ہاوس کے  سینئر مشیرجیرڈ کشنر نے کہا  معاہدے کے بعد متحدہ عرب امارات  خطے میں امریکہ کے قریب ترین اتحادیوں میں شامل ہوجائے گا۔امریکی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے معاہدے کو مستحکم مشرق وسطی  کی سمت ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر نومبر میں انتخابات جیت جاتے ہیں تو یہودی بستیوں کی توسیع کےلیے اسرائیلی اقدامت کی حمایت نہیں کریں گے۔

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل  انتونیو گتریس  نے کہا مشرق وسطی میں امن وسلامتی کےلیے جو بھی اقدام کیاجائے گا اس کا خیر مقدم کروں گا۔دوسری جانب اماراتی نیوز ایجنسی وام  کے مطابق یو اے ای کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا ہے کہ  متحدہ عرب امارات  ریاستی حل اور خطے میں قیام امن  کےلیے اسرائیل کو فلسطینی علاقوں کے الحاق سے روکنے کی یقین دہانی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

ابوظہبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں کے الحاق سے روکنا ایک اہم سفارتی کارنامہ ہے۔