Sunday, May 19, 2024
Homeدیگرتجارت و حرفتامریکی یونیورسٹیوں میں بیرونی طلبا کی دلچسپی میں واضح کمی

امریکی یونیورسٹیوں میں بیرونی طلبا کی دلچسپی میں واضح کمی

- Advertisement -
- Advertisement -

واشنگٹن ۔ایک وقت تھا جب دنیا کے کونے کونے اور خاص کر سعودی طلبا یورپی جامعات کے مقابلے میں امریکی جامعات کو ترجیح دیتے تھے لیکن اب منظر نامہ یکسر بدل گیا ہے اور امریکی یونیورسٹیوں میں بیرونی طلباکی دلچسپی بہت کم ہوگئی ہے جس کی کئی ایک وجوہات ہیں ۔ حالیہ دنوں  میں امریکی یونیورسٹیوں میں طلبا کی دلچسپی کا منظر نامہ تبدیل ہورہا ہے۔ 2018-19تعلیمی سال کے دوران امریکی جامعات میں سعودی طلبا کی تعداد 16.5 فیصد کم ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق  انٹرنیشنل ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ نے ایک رپورٹ جاری کرکے امریکہ کے 2800 سے زیادہ  تعلیمی اداروں کا منظر نامہ پیش کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی طلبا کی امریکی جامعات میں دلچسپی کم ہونے لگی ہے۔ سعودی ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک کے طلبا بھی اب اتنی تعداد میں امریکی جامعات کا رخ نہیں کررہے ہیں جتنا کہ ماضی میں کرتے رہے ہیں۔سوال یہ ہے کہ امریکی جامعات میں طلبا کی دلچسپی کم کیوں ہورہی ہے؟ رپورٹ تیار کرنے والوں نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی بزنس مینجمنٹ فیکلٹیز میں داخلے کا رجحان کم ہورہا ہے۔ اس کے کئی اسباب ہیں۔ ایک اہم سبب تو یہی ہے کہ طلبا کو امریکہ میں زیادہ مدت تک رہنے اور کام کرنے کے مواقع محدود کردیئے گئے ہیں۔

دوسرا اہم سبب یہ ہے کہ بیرونی طلبا کے خلاف نفرت کے رجحانات بڑھے ہیں ۔ تیسرا سبب یہ ہے کہ بیرونی طلبا کی بابت امن و سلامتی کے خدشات ابھارے جارہے ہیں۔مختلف ممالک کے طلبا امریکی جامعات کا رخ اس لیے بھی کم کرنے لگے ہیں کیونکہ اب وہ امریکی جامعات میں تعلیم کی مصارف اور دیگر ممالک میں تعلیمی اخراجات کا تقابل کرکے دیکھتے ہیں تو انہیں دیگر ممالک کی جامعات تعلیمی لاگت کے حوالے سے زیادہ بہتر اورمناسب نظر آرہی ہیں۔ ایک اور تبدیلی یہ نوٹ کی جارہی ہے کہ امریکی جامعات کی حریف جامعات نے  اپنے یہاں اچھی خاصی اصلاحات کی ہیں۔
ایک اور بڑا سبب یہ بھی ہے کہ جن ممالک کے طلبا امریکی جامعات کا رخ کررہے تھے خو د ان کے ممالک میں اچھی جامعات کھل گئی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019 کے موسم خزاں کے دوران امریکہ کے 500 سے زیادہ تعلیمی اداروں میں اندراج کی شرح 0.9 فیصد تک کم ہوئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بزنس مینجمنٹ کے مقابلے میں کمپیوٹر سائنس اور ریاضی میں داخلوں کا رجحان زیادہ ہے۔ انجنیئرنگ میں بھی اچھی خاصی تعداد امریکہ پہنچ رہی ہے۔