Thursday, May 9, 2024
Homesliderانگلش ٹیم کی ہندوستان آمد ، کھلاڑی 6 دن کا قرنطینہ...

انگلش ٹیم کی ہندوستان آمد ، کھلاڑی 6 دن کا قرنطینہ مکمل کریں گے

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی: کپتان جیو روٹ کی قیادت میں انگلش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آج یہاں چینائی پہنچے ہیں جیسا کہ ہندوستان کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کے ابتدائی دو مقابلے یہیں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹسٹ کا 5 فروری کو آغاز ہورہا ہے۔ انگلش کھلاڑیوں کے علاوہ چند ہندوستانی کھلاڑی اور معاون عملہ بھی یہاں ایرپورٹ پہنچا ہے۔ روٹ اور ان کے ساتھی کھلاڑی سری لنکا سے 10:30 بجے صبح روانہ ہوئے تھے جس کے بعد وہ چینائی پہنچ چکے ہیں۔ انگلش کھلاڑیوں کو ایرپورٹ سے ان کے ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ قرنطینہ کی میعاد مکمل کریں گے۔

انگلینڈ جس نے سری لنکا کے خلاف پیر کو اختتام پذیر ٹسٹ سیریز میں 2-0 کی کامیابی حاصل کی ہے جس میں کپتان روٹ نے دو بڑی سنچریاں اسکور کی ہیں۔ علاوہ ازیں ٹیم کے اسٹار آل راﺅنڈ بین اسٹوکس اور فاسٹ بولر جوفرا آرچر اتوار کو ہی ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں میں اسٹار بیٹسمین روہت شرما اور ٹسٹ کے نائب کپتان اجنکیا رہانے منگل کی شام ہی یہاں پہنچ گئے تھے جبکہ چہارشنبہ کی صبح تیجسور پجارا، جسپریت بمرا اور رشبھ پنت پہنچے ہیں۔ کوچ روی شاستری ممبئی سے یہاں پہنچے ہیں جبکہ ویراٹ کوہلی کی دیر سے آمد متوقع ہے۔ انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں کو چھ دن کا قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد 2 فروری سے پریکٹیس کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ پہلا ٹسٹ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں 5 فروری کو شروع ہوگا جس کے بعد یہاں 13 فروری کو دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا آغاز ہوگا۔ چینائی نے آخری مرتبہ ڈسمبر 2016ءمیں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ کی میزبانی کی تھی۔