Sunday, May 5, 2024
Homesliderانگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا جمعہ کو آغاز

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا جمعہ کو آغاز

- Advertisement -
- Advertisement -

گال : سری لنکا کے خلاف کل جب یہاں دوسرے ٹسٹ کا آغاز ہوگا تو انگلش ٹیم کے ذہن میں نہ صرف اس مقابلہ کو ڈرا کرنے کا منصوبہ ہوگا بلکہ جوروٹ کی ٹیم سری لنکا میں ایک اور سیریز اپنے نام کرنے کےلئے کوشاں ہوں گی ۔

انگلینڈ اس وقت آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز ہے، جب کہ ابتدائی تین مقامات پر ہندوستان ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا فائز ہے ۔ جب کہ درجہ بندی کے ابتدائی دو ٹیموں کے درمیان جون میں فائنل کھیلا جائے گا ۔ انگلینڈ کو فائنل کی دوڑ میں باقی رہنے کےلئے نہ صرف سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹسٹ اپنے نام کرنا ہوگا بلکہ اس کے بعد ہندوستان کے دورہ پر بھی سیریز اپنے نام کرنی ہوگی ۔ انگلینڈ کو سری لنکا میں 2007ءکے بعد کسی سیریز میں شکست نہیں ہوئی ہے کیونکہ اس نے یہاں اسپین بولنگ کے خلاف خود کو بہتر طریقہ سے پیش کیا ہے ۔

روٹ نے پہلے ٹسٹ میں ناقابل تسخیر 228 رنز اسکور کئے تھے جبکہ مہمان ٹیم نے اس مقابلہ میں سری لنکا کو پہلی اننگز میں 135 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد مقابلہ 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا ۔ ڈومینک سبلی اور زیک کرالی پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں دوہرے ہندسے کو عبور نہےں کرپائے تھے لیکن کپتان نے ان کی بھرپور حمایت کی ہے ۔ انگلینڈ جسے دوسری اننگز میں کامیابی کےلئے ایک معمولی نشانہ کا تعاقب کرنا تھا لیکن اس موقع پر بھی 14/3 کی نازک صورتحال سے دوچار تھی ۔

جمعہ کو کھیلے جانے والا ٹسٹ روٹ کے کریئر کا 99واں ٹسٹ ہوگا اور اس میں وہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسے یادگار بنانے کےلئے کوشاں ہوں گے ۔ اس ٹسٹ مقابلہ میں انگلش ٹیم اپنے بولنگ شعبہ میں کچھ تبدیلیاں کرسکتی ہے کیونکہ اسے ہندوستان کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلنی ہے ۔ انگلینڈ کے صف اول کے فاسٹ بولر جمی اینڈرسن پہلا ٹسٹ نہیں کھیل پائے تھے لیکن امید ہے کہ ہندوستان کے خلاف سیریز سے قبل وہ دوسرے ٹسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنا فام حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اسٹیورٹ براڈ جنہیں پہلے ٹسٹ میں موقع دیا گیا تھا شائد وہ دوسرے ٹسٹ میں آرام کریں گے ۔

کرس ووکس اور سام کرن کے درمیان آل راؤنڈر کےلئے مقابلہ رہے گا جب کہ مارک ووڈ کی بھی واپسی ہوسکتی ہے ۔ میزبان ٹیم سری لنکا میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے ۔ فاسٹ بولر سرنگا لکمل اور ٹاپ آرڈر بیٹسمین اوشاڈا فرنانڈو کی بھی ٹیم میں واپسی متوقع ہے ۔ اسپین آل راؤنڈر رمیش منڈیز کے متعلق بھی امید کی جارہی ہے کہ وہ اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کرسکتے ہیں ۔