Sunday, April 28, 2024
Homesliderاومی کرون، اندرون دو یوم تلنگانہ میں احکامات جاری کرنے عدالت کی...

اومی کرون، اندرون دو یوم تلنگانہ میں احکامات جاری کرنے عدالت کی ہدایت

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ اب جبکہ دنیا بھر میں ایک جانب کرسمس اور نئے سال کی تقاریب کا شور شرابا ہے تو دوسری جانب اومی کرون کا خوف بھی سراٹھارہا ہے تو تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا۔عدالت نے کرسمس، سال نو اور سنکرانتی تہواروں میں احتیاطی اقدامات کرنے ،عوام کے ہجوم کو روکنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ریاستی حکومت کو ہدایت دی۔اس کے علاوہ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ اومی کرون کے پھیلاو کا جائزہ لیاجائے اور اس نئے وائرس کے پھیلاو میں چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔عدالت نے کورونا کی اس نئی شکل کے پیش نظر تہواروں کے دوران ہجوم پر پابندی عائد کرنے اور اس سلسلہ میں اندرون دو دن احکام جاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔ عدالت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا کی نئی شکل اومی کروں کی روک تھام کے سلسلہ میں مرکزکی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرے ۔

دریں اثناء چیف جسٹس ستیش چندراشرما اور جسٹس این تُکارام جی نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ 21دسمبرکو مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی ہدایات پر سختی سے عمل کرے ۔بنچ نے سینئر وکیل ایل روی چندرا کی جانب سے اس خصوص میں دائرکردہ عرضی کی سماعت کی جس میں انہوں نے عدالت سے خواہش کی تھی کہ وہ کرسمس سے سنکرانتی تک کے تمام تہواروں کے دوران عوامی اجتماعات پرقابو کرنے کی ہدایات حکومت کو جاری کرے ۔چیف جسٹس نے عوام کی جانب سے ہنوزماسک کا استعمال نہ کرنے اور احتیاطی اقدام نہ کرنے پر تشویش کا اظہارکیا۔جب سینئر وکیل نے ریاست کی سرحدوں پر میکانزم کی ضرورت کی نشاندہی کی تو بنچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ ایرپورٹ پر قائم کردہ اسی طرح کی سہولت کے قیام پر غورکرے اور ضرورت پڑنے پر الگ تھلگ رکھنے کی سہولت کے قیام پر بھی غورکرے ۔بنچ نے کہا کہ کورونا کے نئے وائرس اومی کرون کے بین ریاستی پھیلاو کو روکنے کی ضرورت ہے ۔