Sunday, May 19, 2024
Homesliderاپوزیشن کا پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک مارچ

اپوزیشن کا پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک مارچ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔کانگریس اورکئی اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں بابائے قوم گاندھی جی کے مجسمے سے وجے چوک تک مارچ کیا اور راجیہ سبھا کے تمام 12 اراکین کی معطلی واپس لینے کا مطالبہ کیا۔کانگریس کے رہنما راہول گاندھی، ادھیر رنجن چودھری، کے سریش، شیو سینا کے رہنما سنجے راوت، ڈی ایم کے کے رہنما تروچی شیوا سمیت کئی اراکین نے شرکت کی۔ احتجاج کے دوران سیاسی رہنماوں نے بڑے بینر اٹھا رکھے تھے جس میں 12 اراکین کی معطلی واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بعض اراکین نے پلے کارڈبھی اٹھا رکھے تھے جن پر جمہوریت بچاؤ آئین بچاؤ۔آمریت (تانا شاہی)نہیں چلے گی جیسے نعرے درج تھے ۔

مارچ کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے وجے چوک میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جمہوریت کا قتل کر رہی ہے ، ایوان میں اپوزیشن کی آوازکو دبایا جا رہا ہے اور اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں اہم مسائل پر بحث کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔

اپوزیشن پارٹیوں کے احتجاج اور اپوزیشن کے اراکین کی معطلی پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کا یہ احتجاج پارلیمنٹ میں ان کی آواز کو دبانے کے خلاف ہے ۔ جن اراکین کو ایوان کی کارروائی سے سیشن کے لیے معطل کیا گیا ہے انہوں نے کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کے خلاف یہ کارروائی کی گئی۔

راہول گاندھی نے کہا کہ ارکان کی معطلی کو14 دن ہوچکے ہیں۔ حکومت ان مسائل پر بات نہیں ہونے دے رہی ہے جن پر اپوزیشن بحث کرنا چاہتی ہے اور جب اپوزیشن اپنا مسئلہ اٹھانا چاہتاہے تو لوگوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ان ارکان کو راجیہ سبھا کے چیئرمین یا حکومت نے نہیں بلکہ دو چار سرمایہ داروں نے معطل کیا ہے جو کسانوں کے حقوق چھیننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ طاقت ہے جو پیچھے سے حکومت چلارہی ہے اور کسانوں کی آمدنی پر نظر جمائے ہوئے ہے ۔