Saturday, May 18, 2024
Homesliderاکشر  اور اشون کے خلاف انگلینڈ پھر بے بس

اکشر  اور اشون کے خلاف انگلینڈ پھر بے بس

- Advertisement -
- Advertisement -

احمد آباد۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل اور آف اسپنر روی چندرن اشون جو انگلش بیٹسمینوں کے لئے درد سر بن چکے ہیں انہوں نے ایک بار پھر خطرناک بولنگ کرتے ہوئے یہاں چوتھے اورآخری ٹسٹ کے پہلے دن بالترتیب چار اور تین وکٹیں لی اور انگلینڈ کو پہلی اننگز میں205 رنز پرسمیٹ دیا۔ دن کے کھیل کے اختتام تک ہندوستان نے 12 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر24 رنز بنالئے ہیں۔ ہندوستان پہلی اننگز میں 181 رنز سے پیچھے ہے ۔

اکشر نے دوسرے ٹسٹ کی اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے انگلش ٹیم کو ایک بار پھر نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ پچھلے میچ میں11 وکٹیں حاصل کرنے والے پٹیل نے آخری ٹسٹ میں26 اوورز میں68 رنز پر چار وکٹیں حاصل کیں ، اشون نے19.5 اوورز میں 43 رن پر تین ، فاسٹ بولر محمد سراج نے14 اوورز میں 45 رنز پر دو اورآف اسپنرواشنگٹن سندر نے سات اوور میں 14 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

ہندوستان نے پہلے دن کے اختتام تک شبھمن گل کا وکٹ گنوایا جنہیں جیمس انڈرسن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ روہت شرما آٹھ اور چیتشور پوجارا 15 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ55 اور ڈینیل لارنس نے46 رنز بنائے ۔ کپتان جو روٹ پانچ رنز بناکرآؤٹ ہوئے ۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کو اچھی شروعات دینے کے لئے اوپنر جیک کرولی اور ڈومینک سیبلے ایک بار پھر اکشر کے سامنے بے بس نظر آئے ۔ اکشرکا پہلا شکار سیبلے بنے جو دورنز پر ہی اکشر کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ اس کے بعد کرولی بھی نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ اکشر نے انہیں محمد سراج کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس طرح انگلینڈ کے ابتدائی دو وکٹ بالترتیب 10 اور 15 رنز پر گری ۔

اشون بھی بولنگ محاذ پر پیچھے نہیں رہے ۔ انہوں نے مڈل آرڈر بیٹسمین اولی پوپ کی صورت میں اپنا پہلا شکار کیا جو اچھا کھیلنے کے باوجود29 رنز پر شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔ اشون کا اگلانشانہ وکٹ کیپر بین فاکس بنے جنہیں اشون نے ایک رن پر پویلین بھیج دیا۔ اس طرح اکشر اور اشون نے مجموعی طور پر سات وکٹ اپنے نام کئے ۔اس مرتبہ فاسٹ بو لر محمد سراج کا بھی سکہ چمکا۔ انہوں نے جانی بیئرسٹو اورکپتان جو روٹ کی شکل میں اہم وکٹ حاصل کئے ۔ سراج نے دونوں کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ بیئرسٹو نے28 اور روٹ صرف پانچ رنز بنا سکے ۔