Saturday, May 18, 2024
Homesliderایس ایس سی امتحانات ہوں گے یا نہیں

ایس ایس سی امتحانات ہوں گے یا نہیں

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ کورونا بحران کی وجہ سے گزشتہ سال ایس ایس سی  کے امتحانات منعقد نہیں ہوئے تھے اور طلبہ کو بغیر امتحان کے کامیاب قرار دیا گیا تھا اور اس سال حالات قابو میں آنے کےبعد اسکولوں کی کشادگی عمل میں آئی تھی اور امید کی جارہی تھی کہ ایس ایس سی کے امتحانات مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے لیکن رواں ماہ اسکولوں کو دوبارہ بند کردینے کے بعد یہ خدشات بڑھ چکے ہیں کہ شاید اس سال بھی ایس ایس سی  امتحانات  منعقد نہیں ہوں گے ،حالانکہ حکومت اور محکمہ تعلیم  اس سال ایس ایس سی کے امتحانات کو 11 کی بجائے 6 پرچوں تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے ۔

ایس ایس سی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کے علاوہ اساتذہ  بھی الجھن کا شکار ہیں اور طلبہ میں یہ گمان پایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے سال گذشتہ کی طرح اس سال بھی تمام طلبہ کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کیا جائے گا ، دوسری جانب اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے  طلبہ کی ذہن سازی  کی جارہی ہے کہ وہ امتحانات کیلئے تیار ی جاری رکھیں  ۔ اساتذہ کے بموجب حکومت کی جانب سے اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تعلیمی سال کے مجموعی اعتبار سے 40 دن باقی ہیں اور اس مدت کے دوران ایس ایس سی طلبہ کے لئے پری فائنل  امتحانات بھی منعقد کرنا تھا اور ان 40دنوں کے قلیل وقت میں نصاب بھی مکمل کرنا تھا لیکن آن لائن کلاسس کے دوران ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔

 ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 17تا22مئی کے دوران ایس ایس سی امتحانات منعقد کئے جانے ہیں ۔ اساتذہ کےبموجب ریاست بھر میں تمام سرکاری ، امدادی، خانگی اسکولوں میں مکمل کئے گئے نصاب کا جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت  سامنے آتی ہے کہ تلنگانہ میں مجموعی طور پر  50تا60 فیصد نصاب کو مکمل ہوا  ہے اور  ریاستی حکومت کی جانب سے 30 فیصد نصاب کی تخفیف کا فیصلہ ہوا  ہے اور کہا گیا ہے کہ جو امتحانات منعقد کئے جائیں گے وہ 70 فیصد نصاب میں سے منعقد کئے جائیں گے ۔لیکن موجودہ حالات میں طلبہ ذہنی الجھن کا شکار ہیں کہ اگر تیاری نہ کی جائے اور امتحانات منعقد ہوں گے تو ناکامی کا ڈر اور اگر محنت کرنے بعد بھی امتحانات نہیں ہوئے تو ذہنی دباؤ برداشت کرنا پڑے گا۔