Saturday, May 18, 2024
Homeٹرینڈنگایف آئی آر درج کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت مقدمہ کا...

ایف آئی آر درج کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت مقدمہ کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر محمد اظہرالدین نے ان کے خلا ف ایف آئی آردرج کرنے والوں کے خلاف 100 کروڑروپئے کے ہتک عزت کا معاملہ درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اظہر الدین نے ان کے خلاف مہاراشٹرا کے اورنگ آباد پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کئے جانے کی اطلاع پر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ صرف سرخیوں میں رہنے کے لئے ایسا کیاگیاہے اور اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔

انہوں نے واضح لفظوں میں کہاکہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ دراصل محمد اظہر الدین سمیت تین افراد کے خلاف 20.96 لاکھ روپے کے مبینہ دھوکہ دہی کے معاملہ میں مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں شکایت درج کی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کہا کہ اظہر الدین کے خلاف یہ معاملہ دانش ٹور اینڈ ٹریولز ایجنسی کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔

ایجنسی کے مالک اور اورنگ آباد کے لیبرکالونی رہائشی محمد شہاب محمد یعقوب نے یہ شکایت درج کروائی۔ پولیس کے مطابق شکایت دہندہ نے کہا ہے کہ اورنگ آباد رہائشی اور اظہر الدین کے پرائیویٹ سکریٹری ماجد خان نے نومبر 2019 میں دانش ٹور اینڈ ٹریولز ایجنسی سے کیرالہ رہائشی سدیش اوول اور آندھرا پردیش رہائشی محمد اظہر الدین کے لئے ممبئی سے دبئی ہوتے ہوئے پیرس اور ممبئی سے پیرس ہوتے ہوئے دبئی کا ٹکٹ بک کروایا تھا۔

شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اس کے لئے ماجد خان نے چیک جاری کیا تھا۔ شہاب نے جب ماجد سے کرایہ کی ادائیگی کرنے کو کہا تو انہوں نے بار بار ٹالنے کی کوشش کی۔ پولیس نے شہاب کی شکایت کے بعد تین افراد کے خلاف رپورٹ درج کر کے معاملہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثناءاظہر الدین اس ایف آئی آر سے کافی ناراض ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ اپنے وکلا سے مشورہ کرتے ہوئے 100کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا معاملہ دائرکریں گے۔