Sunday, May 19, 2024
Homesliderایک پلیٹ بریانی کی قیمت 20 ہزار روپئے

ایک پلیٹ بریانی کی قیمت 20 ہزار روپئے

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی ۔ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہوگا جسے  بریانی پسند نہیں ہوگی جبکہ دوسری جانب شہر کے ہر مشہور ہوٹل کی بریانی کا ذائقہ چکھنے کےلئے کونے کونے کا چکر لگانے والے افراد کی کمی بھی نہیں ہے لیکن اگر آپ کو کہا جائے کہ ایک پلیٹ بریانی کی قیمت20 ہزار روپئے ہے تو آپ کو یقین نہیں ہوگا لیکن یہ حقیقت ہے کہ دبئی  کی ایک ہوٹل جہاں سونے کی رکابی میں شاہی انداز میں پیش کی جانے والی بریانی کی ایک پلیٹ کی قیمت20 ہزار روپئے ہے۔

نیوز چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے  مطابق دبئی میں ایک ایسی ہوٹل ہے جہاں  بریانی کے  ایک پلیٹ کی قیمت20 ہزار روپئے  ہے اور اسے دبئی کی سب سے مہنگی بریانی بھی کہا جارہا ہے۔دبئی انٹرنیشنل فنانشل سنٹر میں واقع بمبئی بورو نامی ریسٹورینٹ نے بریانی کی خاص پلیٹ متعارف کروائی ہے جس کو رائل گولڈ بریانی یا شاہی طلائی بریانی  کہا جا رہا ہے۔اس بریانی کو ایک بڑی سونے کی رکابی میں پیش کیا جاتا ہے اور اسے 23 کیرٹ سونے کے اوراق سے سجایا جاتا ہے۔اس ایک پلیٹ بریانی کی قیمت ایک ہزار درہم ہے جو کہ تقریباً 20 ہزار روپے بنتے ہیں۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ بریانی کا آغاز مغلوں کے دور میں ہوا تھا اور یہ ایک ایسا پکوان ہے جس کے ہر دانے میں شہانہ انداز جھلکتا ہے۔ چاولوں کی اس ڈش میں مصالحوں اور گوشت کا ایسا ذائقہ ہوتا ہے کہ اس کے نام سے ہی منہ میں پانی آنے لگ جاتا ہےلیکن بمبئی بورو کی بریانی میں صرف مصالحے اور گوشت نہیں بلکہ اور بھی بہت کچھ قیمتی اجزا شامل کئے جاتے  ہیں ۔انگریزوں کے دور کے اس نام والی ہوٹل میں پیش کی جانے والی بریانی کی رکابی  میں سونے کے اوراق کے علاوہ کشمیری دنبہ سیخ کباب، پرانے دہلی کی دنبہ چانپیں، راجپوت چکن کباب، مغلائی کوفتے اور ملائی چکن روسٹ بھی رکھا جاتا ہے۔ اس کے مختلف قسم کے چاول  بھی پیش کیے جاتے ہیں۔