Tuesday, May 21, 2024
Homeٹرینڈنگبابری مسجد مقدمہ، کلیان سنگھ کو بطور ملزم 27 ستمبر عدالت میں...

بابری مسجد مقدمہ، کلیان سنگھ کو بطور ملزم 27 ستمبر عدالت میں پیش ہونے کا حکم

- Advertisement -
- Advertisement -

لکھنو۔  بابری مسجد کومنہدم کرنے کے مجرمانہ معاملے میں مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت (ایودھیا کیس) نے بی جے پی کے سینئر لیڈر کلیان سنگھ کو سمن جاری کر کے 27 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔خصوصی جج سریندر کمار یادو نے بار کے ارکان کی اطلاع پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے یہ حکم جاری کیا ہے۔ بار کے ارکان نے کہا ہے کہ کلیان سنگھ اب گورنر کے عہدے سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔ سی بی آئی نے خصوصی عدالت سے اس معاملے میں کلیان سنگھ کو طلب کرنے کی مانگ کی تھی۔ یہ کہتے ہوئے کہ کلیان سنگھ اب آئینی عہدے پر نہیں ہیں، اس لئے انہیں اس معاملے میں بطور ملزم سمن جاری کیا جائے۔ اس معاملے میں کلیان کے خلاف بھی چارج شیٹ داخل ہے لیکن گورنر ہونے کے ناطے ان پر الزام طے نہیں ہو سکا تھا۔ تب خصوصی عدالت نے سی بی آئی سے اس ضمن میں مصدقہ حقائق پیش کرنے کی ہدایت دی تھی ۔

ستمبرکی 11 تاریخ کو سی بی آئی مصدقہ حقائق داخل نہیں کر سکی تھی۔ اس نے کہا کہ ابھی اسے اس تناظر میں ہیڈکوارٹر سے کوئی تحریری اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، لہذا اس کومزید وقت دیا جائے۔ 16 ستمبر کو بھی سی بی آئی مصدقہ حقائق دائر کرنے میں ناکام رہی۔ ساتھ ہی خصوصی عدالت سے ایک مرتبہ پھر وقت کا مطالبہ کیا۔ 21 ستمبر کو بھی سی بی آئی نے وقت دینے کا مطالبہ کیا۔ 30 مئی 2017 کو اس مجرمانہ معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت (ایودھیا کیس) نے بی جے پی کے سینئر لیڈران لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، اوما بھارتی، ونے کٹیار اور وشنو ہری ڈالمیا پر تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی (سازش) کے تحت الزامات طے کیے تھے۔ اس کے بعد مقدمہ میں سماعت شروع ہو گئی۔ گورنر ہونے کی وجہ سے کلیان سنگھ کے خلاف الزامات طے نہیں ہو سکے تھے۔

سی بی آئی نے جانچ کے بعد اس معاملے میں جملہ 49 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی جن میں 16 ملزمان کی موت ہو چکی ہے۔ اب اس معاملے میں 32 ملزمان کے خلاف روز مرہ  کی بنیاد پرسماعت ہو رہی ہے۔ استغاثہ کی جانب سے اب تک قریب 336 گواہ پیش کیے جا چکے ہیں۔ 19 اپریل 2017 کو سپریم کورٹ نے ایک حکم جاری کرکے اس معاملے کی سماعت دو سال میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ حالانکہ ابھی حال ہی میں عدالت نے یہ مدت نو ماہ کے لئے بڑھا دی ہے۔

6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد انہدام کے معاملے میں جملہ 49 ایف آئی آر درج ہوئی تھیں۔ سی بی آئی نے عرضی میں کہا  کہ کلیان سنگھ نے  4 ستمبر 2014 کو راجستھان کے گورنر کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ ان کی پانچ سال کی مدت 3 ستمبر 2019 کو ختم ہو گئی۔ اب وہ کسی آئینی عہدے پر نہیں ہیں، لہذا انہیں اس معاملے میں طلب کرکے مقدمہ چلایا جائے۔ ہفتہ کو سماعت کے دوران عدالت میں موجود بار کے ارکان کے بتانے پر خصوصی جج نے کلیان سنگھ کے عہدے پر نہ رہنے کی بات کا از خود نوٹس لیا اور انہیں بطور ملزم عدالت میں پیش ہونے کا فرمان سناتے ہوئےمقدمہ میں 27 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی۔