Sunday, May 19, 2024
Homesliderبرطانیہ میں دوسرا مہنگاترین محل برائے فروخت

برطانیہ میں دوسرا مہنگاترین محل برائے فروخت

- Advertisement -
- Advertisement -

لندن: برطانیہ میں دوسرے مہنگاترین محل کو فروخت کے لیے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کی عالمی وبا کے بعد  اقتصادی بحران کے سبب اس وقت پراپرٹی مارکیٹ کساد کا شکار ہے۔

برطانیہ میں دوسرا مہنگا ترین گھر ایک مبہوت کر دینے والا محل ہے جو وسطی لندن کے ایک پاش ترین اور خوب صورت ترین علاقے میں واقع ہے۔ مشہور ریجنٹس پارک کے نزدیک اس محل کی فروخت کے لیے 18.5 کروڑ برطانوی پاؤنڈز کی قیمت رکھی گئی ہے۔ برطانوی اخباردی سن  کے مطابق اس طرح یہ ملک کا دوسرا مہنگا ترین گھر بن گیا ہے۔

اس وسیع و عریض محل کی ملکیت زین پراپ  نامی کمپنی کے پاس ہے۔ یہ جنوبی افریقہ میں سرمایہ کاری اور ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کے شعبے میں سب سے بڑی اور مشہور ترین کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ مذکورہ کمپنی اس محل کو ایک بیرونی ارب پتی کو فروخت کرنا چاہتی ہے جس کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ابھی یہ بھی معلوم نہیں کہ کمپنی اس محل کو مطلوبہ قیمت پر فروخت کر پائے گی یا نہیں۔

اس محل کی تعمیر 1826ء میں مکمل کر لی گئی تھی۔ اسے ایک سول انجینئر جان ناش نے ڈیزائن کیا۔ ناش کے دیگر کاموں میں بکنگھم پیلس بھی شامل ہے جہاں ملکہ الزبتھ دوم قیام پذیر ہیں۔ اس کے علاوہ وسطی لندن میں ريجنٹ اسٹریٹ اور برائٹن شہر میں رائل ونگ کی ڈیزائننگ کا سہرا بھی ناش کے سر جاتا ہے۔

مذکورہ کمپنی زین پراپ نے یہ محل 2016ء میں خریدا تھا۔دی سن اخبار کی رپورٹ کے مطابق 18.5 کروڑ پاؤنڈز میں فروخت ہونے کی صورت میں یہ عمارت مہنگی ترین جائیداد کی فروخت کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔ اس سے قبل رواں سال جنوری میں ایک چینی کاروباری شخصیت چیونگ چونگ نے ایک محل 20 کروڑ پاؤنڈز میں خریدا تھا۔ برطانیہ میں موجود یہ مہنگا ترین گھر مشہور ہائیڈ پارک کے قریب واقع ہے۔ یہ 45 بیڈ رومز پر مشتمل ہے۔

یہاں تک حالیہ فروخت کے لیے پیش کی گئی عمارت کا تعلق ہے تو اس کا رقبہ 1.17 لاکھ مربع فٹ ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران بم باری کے سبب علاقے کو پہنچنے والے نقصان کے بعد اس عمارت کو سرکاری دفاتر اور پھر طلبہ ہاسٹل کے طور پر بھی استعمال کیا جا چکا ہے۔

زین پراپ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈیرک بیئر نے کہا ہے کہ آئندہ خریدار کو اس عمارت کے اندر تقریبا 90 فیصد حصے کی تزئین نو کے لیے 8 سے 9 کروڑ پاؤنڈز کی اضافی رقم خرچ کرنی ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالت کے لحاظ سے عمارت کی قیمت پر کشش ہے۔ بیئر کے مطابق یہ محل قطعی طور پر ان کی زندگی میں دیکھی جانے والی سب سے زیادہ مبہوت کر دینے والی عمارتوں میں سے ایک ہے۔