Saturday, May 18, 2024
Homeبین الاقوامیبرطانیہ میں 12 ڈسمبر کوانتخابات ، 1923 کے بعد پہلا موقع

برطانیہ میں 12 ڈسمبر کوانتخابات ، 1923 کے بعد پہلا موقع

- Advertisement -
- Advertisement -

لندن ۔ برطانوی پارلیمنٹ کے دارالعوام نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کے بل کو منظور کیا ہے جس کے تحت 12 دسمبر کو انتخابات  منعقد ہوں گے۔یہ بل یورپی یونین کے اس فیصلے کے چند گھنٹے بعد منظور کیا گیا جس میں یونین نے برطانیہ کو ‘بریگزٹ’ کے لیے اگلے سال جنوری کے اختتام تک کی مہلت دی ہے۔قبل ازیں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ بریگزٹ کی تاخیر پر تعطل کو ختم کرنے کے لیے نئے انتخابات  کرائے جائیں۔

برطانوی دارالعوام نے قبل از وقت انتخابات کے حق میں 438 ارکان نے ووٹ دیے جبکہ صرف 20 نے اس کی مخالفت کی۔ اگر یہ بل پارلیمنٹ کے ہاؤس آف لارڈ سے بھی منظور ہوتا ہے تو یہ 1923 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب ملک میں دسمبر کے مہینے میں انتخابات منعقد ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں گذشتہ چار برسوں کے دوران قانون سازوں نے تیسری بار نئے انتخابات کرانے کے حق میں ووٹ دیے ہیں۔ نئے انتخابات وزیراعظم بورس جانسن کے لیے جوکھم ہوں گے جن کی کنزرویٹو پارٹی کی حکومت اقلیت میں ہے تاہم دو ہفتے قبل ان کی جانب سے یورپی یونین سے نکلنے کے لیے رکھی گئی شرائط کو پارلیمنٹ کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد ان کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔

رواں برس مئی میں یورپی یونین سے نکلنے کے لیے بریگزٹ معاہدہ میں ناکامی پر کنزرویٹو پارٹی کی وزیراعظم تھریزا مے نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد دارالعوام میں پارٹی ارکان اور اتحادیوں نے بورس جانسن کو نیا وزیراعظم منتخب کیا تھا۔ بورس جانسن نے اعلان نے کیا تھا کہ وہ ہر صورت 31 اکتوبر تک یورپی یونین سے نکل جائیں گے خواہ کوئی بریگزٹ معاہدہ  ہو یا نہ ہو۔