Friday, April 26, 2024
Homesliderبغیر ہیلمٹ گاڑی چلانے کے دوران فون پر بات۔تین خاتون کانسٹیبلس پر...

بغیر ہیلمٹ گاڑی چلانے کے دوران فون پر بات۔تین خاتون کانسٹیبلس پر جرمانہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ ایک ہی گاڑی پر تین خاتون پولیس کانسٹیبلس کے سوار ہونے ،بغیر ہیلمٹ گاڑی چلانے اور گاڑی چلانے کے دوران فون پر بات کرنے جیسے قانون کی خلاف ورزیاں کرنے والی تین خاتون کانسٹیبلس کو جرمانہ عائد کیاگیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے کھمم ضلع میں پیش آیا جہاں کمشنر پولیس وشنو ایس وائرئیر نے ان تین خواتین کو جرمانہ عائد کیا۔تین خاتون کانسٹیبلس سٹی آرمڈریزرو پولیس سے وابستہ ہیں جن کو جمعہ کو وائی ایس شرمیلا کے پویلین گراونڈ میں منعقدہ جلسہ کے بندوبست کی ذمہ داری دی گئی تھی۔یہ تینوں ہیلمٹ کے بغیر ایک ہی گاڑی پرسوار ہوکر جارہی تھیں اور گاڑی چلانے کے دوران ان میں سے دو فون پر بات بھی کررہی تھیں۔یہ منظر سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا جس پر حال ہی میں کمشنر پولیس کھمم کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے والے وشنو ایس وائرئیر نے ٹریفک قانون کی اس خلاف ورزی پر ان پرتین ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔انہوں نے ساتھ ہی تادیبی کارروائی کے لئے محکمہ جاتی جانچ کے احکام بھی جاری کئے ۔

علاوہ ازیں تلنگانہ بھر میں ماسک کے بغیر گھومنے پر تقریبا 6ہزار افراد کے خلاف پولیس نے معاملات درج کئے ہیں۔حکومت نے کورونا کے سدباب کے لئے ماسک کو لازمی قراردیا ہے اور اس خصوص میں گذشتہ روز سرکاری احکام بھی جاری کئے گئے ۔ماسک کے بغیر گھر سے باہر نکلنے پر ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیاجارہا ہے ۔اس خصوص میں پولیس کی جانب سے خصوصی مہم بھی چلائی جارہی ہے ۔ریاست بھرمیں اس ماہ کی 5تاریخ سے کل تک ماسک کے بغیر کھلے عام گھومنے والے 6478افراد پر جرمانہ عائد کیا گیاہے ۔حیدرآباد،سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹس کے حدود میں ایسے 3214معاملات درج کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں راماگنڈم،ورنگل،کھمم،نظام آباد،سدی پیٹ،کریم نگر کمشنریٹس کے حدود میں 1374افراد کے خلاف معاملات درج کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیاگیا۔دیگر اضلاع میں 1890کے خلاف معاملات درج کرتے ہوئے ان پرجرمانہ عائد کیاگیا ہے ۔پولیس نے اپنے طورپر یہ جرمانے عائد کئے ہیں۔ساتھ ہی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ماسک نہ پہننے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بھی یہ جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔