Saturday, May 18, 2024
Homesliderبنڈی سنجے کی درخواست مسترد، 14 دنوں کی عدالتی تحویل

بنڈی سنجے کی درخواست مسترد، 14 دنوں کی عدالتی تحویل

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے کریم نگر قصبے کی ایک عدالت نے پیر کو ریاستی بی جے پی کے سربراہ اور رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمار کو اتوار کی رات ایک احتجاج کے دوران پولیس عہدیداروں پر حملہ کرنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔

مجسٹریٹ نے سنجے کی درخواست ضمانت خارج کردی اورانہیں اور چار دیگر افرادکو عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ ان سب کو بعد میں کریم نگر جیل منتقل کردیا گیا۔سنجے بنڈی کے وکیل نے مناسب طریقہ کار پرعمل کیے بغیر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 333 کے تحت پولیس کی جانب  سے مقدمہ درج کرنے پر اعتراض اٹھایا۔

تاہم پولیس نے اپنی کارروائی کا دفاع کیا اوراپنی ریمانڈ رپورٹ میں ایم پی کے خلاف ماضی میں درج 10 مقدمات کا حوالہ دیا۔بی جے پی کے ایک لیڈر نے کہا کہ سنجے ضمانت کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔سنجے کو اتوار کی رات اس وقت گرفتار کیا گیا جب پولیس نے ریاستی حکومت سے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کے تبادلے سے متعلق حکم میں ترمیم کرنے کا مطالبہ کرنے کے لیے ان کے احتجاج کو ناکام بنا دیا۔

ہائی ڈرامے اور کشیدگی کے درمیان پولیس نے سنجے کے کیمپ آفس میں جاگرن دیکشا کو ناکام بنایا۔ایم پی جنہیں رات بھر ماناکنڈورپولیس اسٹیشن میں رکھا گیا تھا، پیر کوکریم نگر قصبہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں منتقل کردیا گیا تھا۔پولیس ٹریننگ سنٹرمیں کشیدگی پھیل گئی کیونکہ سنجے کی گرفتاری کے خلاف بی جے پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہو گئی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اورکریم نگر پولیس کمشنر کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین کا پولیس کے عہدیداروں سے جھگڑا ہوا۔ کشیدگی کے درمیان پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔کریم نگر پولس کمشنر ستیہ نارائنا نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ٹوٹاؤن پولیس اسٹیشن میں دو ایف آئی آردرج کی گئی ہیں۔

ایک معاملے میں 21 افراد اور کچھ دیگر کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 51 (B) اور تعزیرات ہند (آئی پی سی ) کی دفعہ 188 کے تحت سماجی دوری برقرار نہ رکھنے اور ماسک نہ پہننے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 70 افراد کوگرفتارکیا گیا اور انہیں نوٹس جاری کرنے کے بعد چھوڑدیا گیا۔ایک اور معاملے میں 16 افراد اور دیگر کے خلاف ہنگامہ آرائی اور پولیس عہدیداروں پرحملہ کرنے کے علاوہ ڈی ایم ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سنجے بنڈی سمیت پانچ افراد کوگرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 188، 332، 333، 149، 147، 188اور ڈی ایم ایکٹ کی دفعہ 5 (بی) کی درخواست کی۔پولیس سربراہ نے کہا کہ اس حملے میں ایک اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس اور ایک سرکل انسپکٹر سمیت متعدد پولیس عہدیدار زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ ضوابط کی پابندی کرنے کی بار بار درخواستوں کے باوجودجوکہ نافذ ہیں، ایم پی اوردیگراپنے پروگرام کو قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آگے بڑھایا اور پھرہنگامہ آرائی کا سہارا لیا اور اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس عہدیداروں پر حملہ کیا۔