Sunday, May 19, 2024
Homesliderبنگلور میں موسلا دھار بارش ، آئندہ تین دنوں کےلئے ایلو الرٹ...

بنگلور میں موسلا دھار بارش ، آئندہ تین دنوں کےلئے ایلو الرٹ جاری

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلورو۔ بنگلورو میں جمعرات کو بارش کے ساتھ کئی علاقوں میں سیلاب آ گیا اور زندگی اجیرن ہوگئی۔چہارشنبہ  کی رات سے شہر میں موسلا دھار بارش جاری ہے، جس کے نتیجے میں سڑکیں، رہائشی علاقے زیر آب آگئے اور دیواریں گرنے کا بھی خدشہ ہے۔حکام اپنی تیز تر کوششوں میں مصروف ہیں کیونکہ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے ریاستی دارالحکومت میں آئندہ  تین دنوں کے لئے ایلو الرٹ  (زرد انتباہ ) جاری کیا ہے۔ شہر میں صبح سویرے تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

جے ڈی (ایس) پارٹی دفتر کے قریب بی ایم آر سی ایل کی تعمیراتی سائٹ کے قریب تعمیر کی گئی دیوارگرگئی جس کے نتیجے میں عوام میں غم و غصہ پیدا ہوا۔ اس واقعے میں سات کاروں اور دو بائیکوں کو نقصان پہنچا۔ دو افراد جو دیوار کے ساتھ کھڑی کار میں سوار تھے، وہ خود کو حادثے سے بچانے میں کامیاب ہوگئے۔بارش سے اندرا نگر ٹو اسٹیج، اندرا نگر میں ایچ اے ایل  لے آؤٹ اورایچ ایس آر لے آؤٹ کے رہائشی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

بارش کے پانی سے گھروں کے سامنے کھڑی موٹر سائیکلیں اور کاریں ڈوب گئیں۔ کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔پانی بھر جانے کی وجہ سے کئی گاڑیاں سڑکوں پر پھنس کر رہ گئیں۔ شیواجی نگر اولڈ مارکیٹ علاقہ میں سڑکوں پر پانی کی سطح بڑھنے کے ساتھ ہی دو پہیہ گاڑیوں کے مالکان کے لیے مشکل وقت تھا کیونکہ ان کی گاڑیاں بارش کے پانی کے ساتھ بہنے لگیں۔شانتی نگر، جے نگر، وجئے نگر، میسور روڈ، میجسٹک، سٹی مارکیٹ، راججی نگر، کینگیری، اتراہلی، یلہنکا، ہیبل کے علاقے بارش سے بہت زیادہ متاثر ہوئے۔ مہادیو پورہ اور بنگلورو ایسٹ، جن علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریاں ہوئی ہیں، حال ہی میں 60 سے 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔