Tuesday, May 21, 2024
Homeاسپورٹسبنگلہ دیش اگر پہلے بیٹنگ کرے تو پاکستان ورلڈ کپ سے باہرہوگا

بنگلہ دیش اگر پہلے بیٹنگ کرے تو پاکستان ورلڈ کپ سے باہرہوگا

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی ۔ ورلڈکپ 2019 میں پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہوچکے ہیں، لیکن پاکستانی شائقین کو اب بھی امید ہے کہ انکی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتی ہے۔ پاکستان ایونٹ کے سیمی فائنل میں کس طرح پہنچ سکتا ہے اس پر عام لوگوں کی جانب سے قیاس آرائیاں شروع کر دی گئی ہیں تاہم آئی سی سی کی جانب سے اس کے اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔

 سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی ٹیم کو صرف جیت ہی نہیں بلکہ بہت بڑے فرق سے جیت درکار ہوگی۔پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اگر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ ٹیم کے لیے خوش آئند ہوسکتا ہے لیکن سرفراز کی ٹیم اگر پہلے بیٹنگ میں 350 اسکور کرتی ہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم کو 311 رنز سے شکست دیتی ہے تو تب ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرے گی۔ اس اسکور کے ساتھ ٹیم کی کامیابی کا فرق بہت ہی کم ہے، تاہم 400 رنز بنا کر 316 سے شکت دے کر بھی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔

اسی طرح اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 450 رنز کا ہندسہ عبورکر تی ہے تو اسے 321 رنز سے میچ جیتنا ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر پاکستانی ٹیم ناقابل یقین 500 رنز بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو اسے یہ میچ 326 رنز سے جیتنا ہوگا۔ دوسری جانب اگر یہ ٹاس بنگلہ دیش کی ٹیم جیت گئی اور اس نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا تو پاکستانی ٹیم اسی وقت ایونٹ سے باہر ہوجائے گی کیونکہ نشانہ کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا رن ریٹ بہتر نہیں ہوسکتا۔

پاکستانی ٹیم کے شائقین اب یہی امید لگائے ہوئے ہیں کہ بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے میچ میں پاکستان پہلے بیٹنگ کریں اور ساتھ ریکارڈ ساز اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ ونڈے کرکٹ میں اب تک صرف ایک ہی مرتبہ 450 رنز کا ہندسہ عبور ہوسکا ہے جو اب تک ونڈے کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے، جبکہ 500 کا ہندسہ کبھی عبور نہیں ہوسکا ہے۔

 آسٹریلیا کے خلاف جون 2018 میں انگلش ٹیم نے ون ڈے کا سب سے بڑا اسکور481 رنز بنایا تھا۔ خیال رہے کہ ونڈے کرکٹ میں پاکستانی ٹیم آج تک 400 رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہوئی، اس کا سب سے بڑا اسکور 399 رنز ہے جو اس نے زمبابوے کے خلاف بنایا تھا، اس میچ میں فخر زمان ڈبل سنچری اسکورکرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بنے تھے۔