Wednesday, May 15, 2024
Homesliderبہار انتخابات کا اعلان ، رائے دہی 28 اکٹوبر،3 اور 7 نومبر...

بہار انتخابات کا اعلان ، رائے دہی 28 اکٹوبر،3 اور 7 نومبر کو ہوگی

- Advertisement -
- Advertisement -

پٹنہ ۔بہار قانون ساز اسمبلی کے لئے تین مراحل میں انتخابات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جو دراصل کورونا وائرس کی وجہ سے مرحلہ وار ہوں گے ۔ معلنہ تواریخ کے مطابق یہ انتخابات 28 اکتوبر، 3 اور7 نومبر کو ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 10 نومبرکو ہوگی۔

بہار انتخابات کے ضمن میں چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بہار انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ تواریخ کا اعلان کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات انتہائی غیرمعمولی حالات میں کروائے جارہے ہیں اورکورونا کے ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کےساتھ ساتھ صحت سے متعلق وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں ماڈل انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔

اسمبلی کی 243 نشستوں کے لئے انتخابات تین مراحل 28 اکتوبر ، 3 اور7 نومبر کو ہوں گے۔ تینوں مراحل کی ووٹوں کی گنتی ایک ہی دن یعنی 10 نومبر کو ہوگی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے قرنطینیہ میں رہنے والے رائے دہندگان یا تو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ دے سکتے ہیں یا وہ انتخابات کے آخری دن اپنے پولنگ بوتھ پرصحت کے عہدیداروں کی نگرانی میں حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔

صحت کے انتظامات کو یقینی بنانے کےلئے انتخابات میں 6 لاکھ پی پی ای کٹ ریاستی الیشن کمیشن کو دی جائیں گی اس کے علاوہ 46 لاکھ ماسک کا بھی استعمال ہوگا۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کےلئے سات لاکھ ہینڈ سینیٹائز اور 6 لاکھ فیس شیلڈ فراہم کی جائیں گی۔